غیر مجاز لے آؤٹس میں اراضیات کی خرید و فروخت خریداروں کیلئے تکلیف کا باعث

   

وینچرس کے لے آؤٹس کی منظوری جی ایچ ایم سی کی ویب سائیٹ پر دیکھ کر خریداری کرنے کا مشورہ

حیدرآباد۔2۔اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں غیرمجاز لے آؤٹس میں اراضیات کی خرید و فروخت کو روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو زائد از 5سال کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود غیر مجاز لے آؤٹس میں جائیدادوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور بغیر اجازت تعمیر کئے جانے والے فلیٹس بھی فروخت کئے جا رہے ہیں جو کہ خریداروں کے لئے مستقبل میں تکلیف کا سبب بن سکتے ہیں۔شہریوں کو اب کسی بھی وینچر میں پلاٹس‘ اراضیات یا جائیداد کی خریدی کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھنا چاہئے کہ وہ جہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں وہ وینچر حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے منظورہ لے آؤٹ میں ہیں یا نہیں کیونکہ ریاست میں محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست کے شہری علاقوں بالخصوص حیدرآباد کے اطراف ایچ ایم ڈی اے حدود میں فروخت کی جانے والی اراضیات اگر منظورہ لے آؤٹس میں نہیں ہیں تو ان اراضیات پر تعمیری اجازت نامہ فراہم نہیں کیا جائے گا۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے گذشتہ دنوں منعقد ہونے والے ایک جائزہ اجلاس کے دوران اس بات کی وضاحت کی تھی کہ جو وینچر بغیر منظورہ لے آؤٹس کے چلائے جا رہے ہیں ان وینچرس میں کسی بھی طرح کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہو ںنے ریاست کی بلدیات کے عہدیداروں پر واضح کیا تھا کہ شہر حیدرآباد کے اطراف کیا جانے والا یہ تجربہ ریاست کے دیگر شہری علاقوں کے اطراف بھی کیا جائے گا ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے جن وینچرس کے لے آؤٹس کو منظوری دی گئی ہے کہ ان کی مکمل فہرست ایچ ایم ڈی اے کی ویب سائٹ پر فراہم کی جا رہی ہے اور عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی جائیداد کی خریداری یا سرمایہ کاری کو یقینی بنائیں ۔حکومت تلنگانہ نئے قوانین کے مطابق اب ریاست میں اور شہر حیدرآباد کے اطراف نئی آباد ہونے والی بستیوں اور آبادیوں کو لے آؤٹس کے مطابق ہی رکھنے کے سلسلہ میں سخت موقف اختیار کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان بسیتوں اور آبادیوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی عمل میںلائی جاسکے ۔اسی لئے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے منظورہ لے آؤٹس کی فروخت اور خریدی کو یقینی بنانے کے لئے عوام میں شعور اجاگر کیا جارہا ہے۔ عہدیداروںکے مطابق ریاست کی تمام بلدیات میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے علاوہ انہیں منظورہ و غیر منظورہ لے آؤٹس کے فوائد اور نقصانات سے واقف کروایا جارہا ہے اور انہیں کم قیمت کے چکر میں غیر منظورہ لے آؤٹس میں اراضیات کی خریداری سے ہونے والے نقصان اور انہیں پیش آنے والی مشکلات سے بھی واقف کروایا جانے لگا ہے۔م