غیر مسلم ایشیائی کو تنگ کرنے پر سعودی شہری کی گرفتاری

   

ریاض ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی حکام نے اپنے ایک شہری کی گرفتاری کے احکام جاری کئے ہیں جو ایک غیر مسلم ایشیائی تارک وطن کو مسلسل تنگ اور ہراساں کرتے ہوئے قبول اسلام پر مجبور کررہا تھا ۔ گزشتہ روز میڈیا رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ اس تارک وطن کی توہین سے متعلق ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہے جس میں عربی داں شخص بتارہا ہے کہ اسے کس طرح اسلام قبول کرنے اور روزہ رکھنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ حکام نے اس بارے میں سخت نوٹ لیا اور شہری کو مغلظات بکنے اور تارک وطن شہری کو زبردستی اسلام کی صف میں لانے کی کوشش پر گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔ سرکاری استغاثہ نے بتایا کہ خاطی شہری کو گرفتاری کے بعد مناسب دفعات کے تحت ماخوذ کیا جائے گا اور سزاء طئے کی جائے گی ۔