غیر منظورہ پراجکٹس میں فلیٹس کی خریدی سے گریز کرنے عوام کو مشورہ

   

حیدرآباد۔29 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) محکمہ بلدی نظم و نسق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے پراجکٹس میں فلیٹس یا پھر دفاتر کیلئے اراضی کی بکنگ نہ کریں جن کو جی ایچ ایم سی یا ایچ ایم ڈی اے سے اپروول حاصل نہیں اورجن کے پاس RERA رجسٹریشن موجود نہیں۔ محکمہ کی جانب سے عوام کو متنبہ کیا گیا کہ وہ مستقبل میں مسائل سے بچنے کیلئے تمام منظوریوں کا جائزہ لینے اور مکمل اطمینان کے بعد ہی بکنگ کرائیں۔ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بعض بلڈرس سوشیل میڈیا اور پرنٹ میڈیا میں اپارٹمنٹس کی فروخت کے اشتہارات جاری کر رہے ہیں جبکہ ان کے پاس جی ایچ ایم سی یا ایچ ایم ڈی اے سے منظوری حاصل نہیں ہے اور نہ ہی RERA رجسٹریشن ہے۔ بعض معاملات میں ایسے اشتہارات منظر عام پر آئے جس میں اراضی کی تحویل کے بغیر ہی فلیٹس یا اراضی کی فروخت کا پیشکش کیا گیا ہے۔ کسی بھی بلڈر کو فلیٹس یا جگہ کی فروخت کیلئے ایچ ایم ڈی اے یا جی ایچ ایم سی سے اجازت ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ RERA اتھاریٹی کے پاس پراجکٹ کا رجسٹریشن لازمی ہے۔ اگر یہ پراجکٹ رجسٹرڈ نہ ہوں تو پھر سرمایہ کاری کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ عوام کو چوکس کیا گیا ہے کہ وہ صرف ان پراجکٹس میں فلیٹس کی خریدی کے لئے بکنگ کرائیں جن کے پاس جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کا اجازت نامہ اور RERA رجسٹریشن موجود ہو۔ ایچ ایم ڈی اے اور جی ایچ ایم سی سے منظورہ بلڈنگ یا لے آؤٹ پرمیشن اور RERA رجسٹریشن کی تفصیلات متعلقہ محکمہ جات کے ویب سائیٹ پر دستیاب ہے۔ عوام مذکورہ محکمہ جات کے دفاتر پہنچ کر شخصی طور پر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ ر