چار پہیوں کی گاڑیوں اور پرزوں کی تیاری کا منصوبہ ، ایک ہزار افراد کو روزگار کے مواقع
حیدرآباد۔ فیٹ کرائسلر آٹوموبائیلس لمیٹیڈ نے ہندستان میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ ہندستان میں فیٹ کی جانب سے تیا رکی جانے والی 4 SUV گاڑیوں اور ان کے پرزوں کی تیاری بھی ہندستان میں ہی عمل میں لائی جائے گی اور اس مقصد کیلئے فیٹ آٹوموبائیلس نے ہندستان میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار کیا ہے جو کہ جاریہ سال کے دوران سرمایہ کاری کا انتہائی اہم حصہ ہوگا۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ہندستان میں 4نئی جیپ SUV کی تیاری کے سلسلہ میں جو منصوبہ ہے اس کے مطابق سال 2021-22کے دوران کمپنی ہندستان میں تیار کی جانے والی ان 4جیپوں کو منظر عام پر لائے گی اور ان تمام نئی گاڑیوں کے مکمل پرزوں کی تیاری بھی ہندستا ن میں ہی عمل میں لائی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے BS4 جیپ کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور ان چیپوں کے منفرد ڈیزائن ہندستانی گاہکوں کی اولین پسند ثابت ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق فیٹ نے جو جیپ کا ماڈل تیا رکیا ہے اس میں 7نشستوں کی فراہمی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس کے علاوہ فراہم کی جانے والی سہولتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔گذشتہ ماہ فیٹ کرائسلرآٹوموبائیلس نے شہر حیدرآباد میں اپنے انفارمیشن ‘ کمیونیکیشنن اینڈ ٹکنالوجی کے مرکز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی کی جانب سے حیدرآباد میں 150 کروڑ کی سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ کمپنی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں قائم کئے جانے والے اس مرکز سے شہر حیدرآباد کے 1000 ہنر مندوں کو جاریہ سال کے اختتام تک ملازمتوں کے حصول کا امکان ہے۔فیٹ کا ہندستان میں موجود رنجن گاؤں یونٹ دنیا بھر کے 5 یونٹس میں انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جانے لگا ہے کیونکہ اس یونٹ میں 2017 سے اب تک 70 ہزار گاڑیوں کی تیاری کو مکمل کیا جاچکا ہے جن میں جیپ کمپاس نے 50 ہزار گاڑیوں کی ہندستان میں فروخت کو یقینی بنایا ہے جبکہ 20 ہزار گاڑیوں کو دوسرے ممالک کے لئے روانہ کیا گیا ہے جہاں ہندستان میں تیار کی گئی ان گاڑیوں کو کافی قدر کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا ہے۔