فائرنگ واقعہ کے ملزمین گرفتار

   

ظہیرآباد گویندرپور اراضی تنازعہ مقدمہ پر پولیس کی کارروائی

ظہیرآباد ۔ ڈی ایس پی ظہیرآباد ڈیویژن جی شنکر راجو نے اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ موضع گوویند پور میں ایک اراضی کے متنازعہ گروپوں کے درمیان ہوئی جھڑپ اور 6راؤنڈ فائرنگ واقعہ میں ملوث تین کے منجملہ دو ملزمین کو گرفتار کرکے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے ۔ جبکہ فائرنگ میں ملوث روڈی شیٹر کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے تفصیلات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ موضع گویند پور میں واقع سروے نمبرات 105 و 105 موازی 30 ایکر پر حدود بندی کا کام کمل کشور پلوڈ مزدوروں سے کروا رہے تھے کہ اس اراضی سے متصل سروے نمبر 109 سے تعلق رکھنے والے سید علی اکبر اور ان کے لڑکے اشرف علی نے حد بندی کے کا م میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی اور مدد کیلئے شیخاپور کے قتل میں ملوث روڈی شیٹر محمد لئیق کو طلب کیا اور اس نے موقع واردات پر پہونچتے ہی بندوق سے 6 راؤنڈ فائرنگ کی ۔ جس کے نتیجہ میں بھگدڑ مچ گئی ۔ اراضی کے مالک کمل کمشور پلوڈ کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سید علی اکبر اور ان کے لڑکے اشرف علی کو گرفتارکرکے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ مذکورہ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ اس مقدمہ کی چراغ پلی پولیس اسٹیشن مزید تحقیقات میں مصروف ہے ۔