فارما سٹی کے خلاف 14 جنوری کو کسانوں کا احتجاج

   

تلنگانہ ہائی کورٹ نے اجازت منظور کی

حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے کسانوں کی جانب سے فارما سٹی کے قیام کے خلاف پرامن احتجاج کی اجازت دینے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے اے سی پی ابراہیم پٹنم کی جانب سے کسانوں کو احتجاج کی اجازت منسوخ کرنے سے متعلق 2 جنوری کے احکامات کو معطل کردیا۔ عدالت نے کہا کہ پولیس عوام کی جانب سے اظہار ناراضگی کے حق کو چھین نہیں سکتی۔ کسانوں نے رنگاریڈی ضلع کے یاچارم منڈل میں فارما سٹی کے قیام کے خلاف احتجاج کیلئے ایکشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کسانوں کی جانب سے داخل کی گئی درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ اے سی پی نے پرامن مارچ کی اجازت سے انکار کیا ہے۔ کسان 14 جنوری کو پرامن احتجاج منظم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ فارما سٹی میں ان کی اراضیات حاصل کی جارہی ہیں۔ جسٹس ریڈی نے کسانوں کو پیدل مارچ اور پمفلٹ تقسیم کرنے کی اجازت دیتے ہوئے انتباہ دیا کہ وہ احتجاج میں مجرمانہ پس منظر رکھنے والوں کو شامل نہ کریں۔ عدالت نے کہا کہ امن و ضبط کی صورتحال بگڑنے کی صورت میں اے سی پی اور اسٹیشن ہاوز آفیسر بعض پابندیاں عائد کرسکتے ہیں۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 31 جنوری کو مقرر کی گئی۔1