نواسے کو فٹبال کھلاڑی بنانے کا عزم
حیدرآباد ۔ 18۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ فارمولہ ای کار ریسنگ معاملہ کی تحقیقات جاری ہے ۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مقدمہ میں A2 ملزم سینئر آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار کے خلاف تحقیقات کی اجازت ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کو دو مرتبہ مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت سے منظوری کے فوری بعد حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کیلئے ریاستی گورنر جشنو دیو ورما نے اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی معاملہ میں قواعد کے مطابق کام کرے گی۔ ممتاز فٹبالر میسی کے اپل اسٹیڈیم میں ایونٹ کے موقع پر اپنے نواسے کو ساتھ رکھنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ریونت ریڈی نے کہا کہ میں نے کے سی آر کے بچوںکی طرح اپنے بچوں کو سیاست میں شامل نہیں کیا ہے۔ میں اپنے نواسے کو فٹبال کھلاڑی بنانا چاہتا ہوں۔ جس شخص کی جو مرضی ہے وہ کرتا ہے۔ نواسے کو فٹبال پلیر بنانے کے مقصد سے میں نے انہیں میسی کے ساتھ ایونٹ میں شامل کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میسی کے دورہ حیدرآباد سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ خالص خانگی پروگرام تھا۔ میسی ایونٹ میں میں نے بھی ایک مہمان کے طور پر شرکت کی۔ سنگارینی کالریز کی جانب سے اشتہارات دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال کھیلنے کیلئے وہ اپنے نواسے کے ساتھ میدان میں پہنچے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کئی ملازمین کو نقلی آدھار کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت جانچ کرے گی اور نقلی شناختی کارڈ رکھنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے فارنسک آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔1
