فاروق عبداللہ گرفتار یا زیرحراست نہیں ہیں

,

   

اگر وہ نہ آئیں تو میں بندوق کی نوک پر انہیں نہیں لا سکتا ، لوک سبھا میں امیت شاہ کا بیان
نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کو لوک سبھا میں کہا کہ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ نہ تو گرفتار کئے گئے ہیں نہ تحویل میں ہیں بلکہ وہ اپنی مرضی سے اپنے گھر میں ہیں۔ امیت شاہ نے جموں و کشمیر سے متعلق دفعہ 370 کی برخاستگی کی تحریک پر بحث کے دوران فاروق عبداللہ کی غیرموجودگی پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی ظاہر کردہ تشویش کا جواب دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ’’وہ بخیر و عافیت ٹھیک ہیں… اگر وہ اپنے گھر سے باہر نکلنا نہیں چاہتے ہیں تو انہیں بندوق کی نوک پر گھر سے باہر نکال کر نہیں لایا جاسکتا‘‘۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ کے فرزند عمر عبداللہ اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی مرکز کی طرف سے دستور کی دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد احتیاطی تدابیر کے ایک حصہ کے طور پر گھر پر نظربند ہیں۔ قبل ازیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی سپریہ سولے نے بھی عبداللہ کی غیرحاضری کا مسئلہ اٹھایا جو ان کے بازو بیٹھتے ہیں۔ سولے نے کہا کہ ’’ان کے بغیر اس مسئلہ پر بحث کو نامکمل سمجھا جائے گا۔ ایوان میں فاروق عبداللہ نشست پر 461 اور سپریہ سولے نمبر 462 پر بیٹھتے ہیں۔ سپریہ سولے کے ریمارک پر وزیر داخلہ نے گرج دار آواز میں کہا کہ ’’نہ تو وہ تحویل میں لئے گئے ہیں اور نہ ہی گرفتار کئے گئے ہیں بلکہ وہ تو اپنی مرضی سے اپنے گھر میں موجود ہیں‘‘۔ جب سپریہ سولے نے کہا کہ غالباً ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہیں تو امیت شاہ نے برجستہ ریمارک کیا کہ ’’تو پھر میں کچھ نہیں کرسکتا بلکہ ڈاکٹرس ہی ان کا علاج کرسکتے ہیں‘‘۔