31 جنوری کے بعد ٹیاگ غیر کارکرد، نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کا اعلامیہ
حیدرآباد۔15جنوری(سیاست نیوز) کاروں پر لگائے گئے فاسٹ ٹیاگ کے KYC مکمل نہ ہونے کی صورت میں بینکوں کی جانب سے 31جنوری کے بعد ان فاسٹ ٹیاگ کو غیر کارکرد بنادیا جائے گا۔ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں فاسٹ ٹیاگ رکھنے والے تمام مالکین کار کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے فاسٹ ٹیاگ کا KYC کروالیں تاکہ ان کے بینکوں کی جانب سے فاسٹ ٹیاگ کو غیر کارکرد کرنے کی نوبت نہ آئے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ٹول بوتھ پر رقومات کی وصولی کے جھنجھٹ سے آزاد کرنے اور ٹریفک میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کے طور پر FAST TAG شروع کیا گیا تھا اور اس کے ذریعہ ملک بھر میں ٹول ناکوں پر ٹول ٹیکس وصول کیا جا رہا تھا ۔ حکومت کے اس فیصلہ کے بعد زائد از90 فیصد کارمالکین نے اپنی گاڑیوں پر فاسٹ ٹیاگ لگاتے ہوئے اس ازخود ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے نظام کو اختیار کرلیا ہے لیکن اب تک ٹول ٹیکس کے اس نظام میں اس کی کارکردگی کو بہتربنانے کے سلسلہ میں اقدامات کے طورپر KYC کی شرط موجود نہیں تھی اور بینک میں موجود KYC پر ہی اسے کارکرد رکھا گیا تھا لیکن اب نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا نے فاسٹ ٹیاگ کو KYC سے مربوط کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے موٹر کار مالکین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نظام کو اختیار کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کریں اور اپنے فاسٹ ٹیاگ کو کارکرد بنائے رکھیں۔بتایاجاتا ہے کہ NHAI کی جانب سے ایک موٹر گاڑی کیلئے ایک فاسٹ ٹیاگ کو یقینی بنانے کے اقدامات کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ 31جنوری کے بعد جن فاسٹ ٹیاگ کا KYC نہیں ہوگا ان گاڑیوں کے فاسٹ ٹیاگ غیر کارکرد ہوجائیں گے۔ 3