حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) ہاشم نگر لنگر حوض علاقہ میں اُس وقت ہلکی کشیدگی پھیل گئی جب مقامی افراد نے دو مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ یہ دونوں دو ماہ سے گشت کرکے مقامی مسلم نوجوانوں کو گمراہ کرنے سازش کررہے تھے۔ یہ دونوں فتنے ’شکیل بن حنیف‘ کے حواری ہیں۔ شکیل بن حنیف خود کو حضرت عیسیٰؑ کا اوتار قرار دیتا ہے ۔ اتوار کی شب مسجد محبوب مہدی کالونی میں دو مشتبہ افراد جن کی شناخت سید عبدالعظیم اور محمد حامد کی حیثیت سے کی گئی ہے کو مقامی افراد نے پکڑ لیا اور پٹائی کی۔ عوام نے مشتبہ افراد کے بارے میں پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی جس کے نتیجہ میں لنگرحوض سے وابستہ پٹرولنگ موبائیل ٹیم ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر مسٹر عثمان شریف کے زیرنگرانی وہاں پہونچ گئی اور دونوں کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ مشتبہ افراد مقامی نوجوانوںکی ذہن سازی کی کوشش کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ شکیل بن حنیف حضرت عیسیٰؑ کا اوتار ہے جس کا اورنگ آباد سے تعلق ہے۔ مشتبہ افراد نے بتایا کہ وہ شہر میں شکیل بن حنیف کا یونٹ قائم کرنا چاہتے ہیں اور یہاں اُن کی ٹیم کے بعض افراد کام کررہے ہیں جن کی شناخت سافٹ ویر ملازم فیصل انجینئر، مہدی پٹنم کا عبید اور سکندرآباد کے اظہر اور عمران شامل ہیں۔ ان کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ گرفتار افراد کی تفتیش میں حیرت انگیز انکشافات ہوئے۔