نیویارک۔ اسرائیل میں دفتر کی گاڑی میں مبینہ جنسی تعلق کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اقوام متحدہ نے اپنے 2 عہدیداروں کو بغیر تنخواہ کے چھٹی پر بھیج دیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک کا کہنا تھا کہ‘‘مجھے ویڈیو کی وجہ سے افسوس ہوا اور مضطرب ہوں’’۔خیال رہے گزشتہ ماہ تل ابیب میں اقوام متحدہ کی گاڑی کے اندر جنسی تعلق کی ویڈیو سامنے آئی تھی جو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھی۔ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد اقوام متحدہ نے اس کی تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔تفتش کے آغاز کے بعد اب اقوام متحدہ کا کہنا ہے ویڈیو میں دکھائے گئے عہدیدار کی شناخت ہوچکی ہے اور وہ اسرائیل میں تعینات اقوام متحدہ کے نگرانی کے ادارے (یو این ٹی ایس او) اور ملٹری مبصرین کا رکن ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ 2 عہدیداروں کو تفتیش مکمل ہونے تک بغیر تنخواہ کے معطل کردیا گیا ہے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ دونوں عہدیداروں کی معطلی الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بالکل صحیح ہے جو بین الاقوامی سرکاری ملازم سے قواعد پر عمل کرنے کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘‘یو این ٹی ایس او نے اپنے عہدیداروں کو اقوام متحدہ کے قواعد و ضواط کے مطابق عائد ذمہ داریوں کی یاد دہانی کے لیے آگاہی مہم دوبارہ شروع کردی ہے ’’۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اپنے عہدیداروں کو جنسی تعلقات رکھنے کے معاملات پر سختی سے پیش آتا ہے ۔اقوام متحدہ کے قواعد کے مطابق کوئی عہدیدار اگر قواعد کی خلاف ورزی کرتا ہے تو انہیں برطرف کیا جاسکتا ہے یا اقوام متحدہ کے امن عمل میں شامل ہونے پر پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے ۔