فرانسیسی سائنسدانوں کا کورونا کی دوسری لہر آنے کا انتباہ

   

پیرس ۔ فرانس میں سائنسدانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں عالمی وبا کورونا کی دوسری لہر رواں سال آ سکتی ہے۔میڈیا کے مطابق منگل کو فرانس کے اعلیٰ سطح کے سرکاری سائنسدانوں کے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال خزاں یا سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر کے آنے کا خطرہ ہے۔فرانس میں حکام گزشتہ دو ہفتوں سے کورونا کے نئے کیسیس کے بڑھنے کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔رائٹرس کے مطابق دنیا میں کورونا کی وبا سے اب تک 6 لاکھ 94 ہزار کے لگ بھگ اموات ہو چکی ہیں۔ دنیا کے مختلف خطوں میں عالمی وبا نے ایک کروڑ 83 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے جن میں سے ایک کروڑ 7 لاکھ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔یورپ کے زیادہ تر ملکوں میں سخت اقدامات کی وجہ سے وبا پر قابو پا لیا گیا تھا تاہم معاشی سرگرمیوں کو شروع کرنے کے لیے لاک ڈاؤن کھولنے اور چھٹیوں کے دوران میل جول کی وجہ سے وائرس کے کیسیس دوبارہ بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔فرانس کی وزارت صحت کی جانب سے شائع کردہ سائنٹیفک کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘صورتحال خطرناک ہے اور ہم کسی بھی وقت اسپین جیسے حالات سے دوچار ہو سکتے ہیں جہاں معاملات بے قابو ہیں۔’