نئی دہلی، 11 جون (یواین آئی) سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے فرانسیسی سفارتخانے کے ویزا دھوکہ دہی کیس میں آٹھ ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے ، جن میں فرانس کے سفارتخانے کے ویزا ڈیپارٹمنٹ میں مقامی قانونی افسر، ان کے والد، بھائی اور بیوی، دو ویزا ایجنٹس اور دو بچولی شامل ہیں۔سی بی آئی نے چہارشنبہ کے روز بتایا کہ اس کے بین الاقوامی آپریشنز ڈویژن نے نئی دہلی میں فرانس کے سفارتخانے میں ویزا دھوکہ دہی کی اطلاعات کی بنیاد پر کیس درج کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ جنوری 2021 سے مئی 2022 کے دوران، فرانس کے سفارتخانے کے ویزا ڈیپارٹمنٹ میں مقامی قانونی افسر کے طور پر کام کرتے ہوئے ، ملزمان نے ویزا ایجنٹس کے ایک نیٹ ورک کے ذریعے پنجاب سے شینگن ویزا کے خواہشمند درخواست دہندگان سے رابطہ کیا اور انہیں شینگن ویزا حاصل کرنے کے لیے بھاری رقم دینے پر آمادہ کیا۔پنجاب میں ویزا ایجنٹس کے ایک نیٹ ورک نے ہر ویزا درخواست دہندہ سے 13 سے 45 لاکھ روپے تک کی رقم وصول کی اور اس بھاری رقم کے عوض ملزمان نے ویزا درخواستوں پر کارروائی کی اور شینگن ویزا جاری کرنے کے بعد ملزمان نے ویزا دستاویزات اور فائلوں کو تباہ کر دیا۔ تحقیقات کے دوران، پنجاب اور دہلی میں مختلف مقامات پر ہندوستان اور بیرون ملک حاصل کی گئی کروڑوں کی جائیدادوں سے متعلق بھاری مقدار میں نقدی اور متعدد دستاویزات برآمد ہوئے ۔