فرانس ، امریکہ۔ ایران کشیدگی کم کرنے والی تجویز پیش کریگا

   

دمشق، 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے فرانس ایک تجویز تیار کر رہا ہے جس میں امریکہ سے ایران پر عائد پابندی ہٹانے کی اپیل کی گئی ہے ۔ لبنان کے نیوز چینل المیادین نے فرانس کے سفارتی ذرائع کے حوالے سے پیر کو اپنی ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی ۔ اس تجویز کے تحت امریکہ آٹھ ممالک کو ایران سے تیل خریدنے کی چھوٹ دے گا ۔ اس کے عوض ایران کو سال 2015 کے بین الاقوامی نیوکلیئر معاہدے کی دفعات پر عمل کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایران عراق، شام اور یمن میں سرگرم اپنے جنگجوؤں کے گروہوں کو امریکی شراکت داری پر حملہ کرنے سے بھی روکے گا ۔ اس سے قبل فرانس کے صدر امینیول میکران نے پیر کو کہا کہ اس ہفتے وہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ بین الاقوامی نیوکلیئر معاہدے کے تحت مشترکہ کارروائی منصوبہ ( جے سی پی او اے ) کے تمام قریقین سے گفتگو کریں گے ۔ مسٹر میکران نے کہا کہ علاقے میں موجودہ کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لئے ایران نیوکلیئر معاہدے کو بچائے رکھنا ضروری ہے ۔ گذشتہ ہفتے ایران نے بین الاقوامی نیوکلیئر معاہدے کے تحت یورینیم اضافہ کی طے شدہ حد کو پار کر لیا ہے ۔ بین الاقوامی نیوکلیئر توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اس کی تصدیق بھی کی ہے ۔