پیرس : فرانس میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد جہاں ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں وہیں اس احتجاج کا اثر ملک کے سیاحتی شعبہ پر بھی پڑ رہا ہے۔ ملک بھر میں ہوٹلز اور ریستورانتس میں لوگ اپنی بکنگ منسوخ کر رہے ہیں جب کہ حالیہ بد امنی کے دوران کچھ ہوٹلز کو نقصان بھی پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کو فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مضافات میں پولیس کی فائرنگ سے ایک 17 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک چیکنگ کے دوران پولیس نے نوجوان کو روکا لیکن اس نے گاڑی دوڑا دی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد ہوٹل اور کیٹرنگ انڈسٹری کے آجروں کی مرکزی اسوسی ایشن کے صدر تھیری مارکس کہتے ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں ہوٹلوں کو ریزرویشن کی منسوخی کی ایک لہر کا سامنا ہے۔