پیرس: فرانس کے ایک مکان میں ناقص ڈرائر کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی میں ماں اور 7 بچے فوت ہوگئے۔ فرانس کے شہر چارلی سرمارنے کے ایک مکان میں کپڑے خشک کرنے والے ڈرائر میں خوف ناک آگ بھڑک اْٹھی خاندان کے سربراہ نے بیوی اور بچوں کو مکان کے زیرزمین منزل میں پناہ لینے کا کہا اور خود آگ بجھانے لگا۔باپ آگ بجھانے کی کوشش میں بری طرح جھلس گیا جسے قریبی رہنے والے ایک فائر فائٹر نے بچایا اور اسپتال منتقل کیا جبکہ بیوی بچے جو زیر زمین منزل میں پناہ لیے ہوئے تھے دھواں بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔ہلاک ہونے والوں میں ماں اور ان کے 2 سے 14 سال کی پانچ لڑکیاں اور دو لڑکے شامل ہیں۔ 7 میں سے 3 بچے خاتون کے پہلے شوہر سے تھے۔زندہ بچ جانے والے باپ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ وہ بری طرح جھلس گئے ہیں اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ترجمان فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ بیوی بچوں کی ہلاکت زیر زمین منزل میں پناہ لینے کی وجہ سے ہوئی۔ وہ گھر سے باہر جاتے تو بچ سکتے تھے۔