فرح کالونی سعید آباد میں رہزنی کے نام چیخ پکار

   

پولیس تحقیقات میں رہزن یا رہزنی کے شواہد عدم دستیاب
حیدرآباد ۔ /20 فبروری (سیاست نیوز) سعیدآباد کے علاقے فرح کالونی کے قریب آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک مبینہ رہزنی کی واردات رونما ہوئی ۔ لیکن پولیس اس واقعہ پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے مختلف زاویہ سے کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب 70 سالہ وامن راؤ جو ریٹائرڈ محکمہ برقی کا ملازم ہے کی بیوی 68 سالہ انورادھا نے آج صبح 11.30 بجے اپنے مکان میں اچانک چیخ و پکار شروع کرتے ہوئے مکان کے باہر نکل آئے اور مقامی عوام سے مدد طلب کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ معمر جوڑے نے مقامی عوام کو بتایا کہ دو نامعلوم افراد نے رہزنی کی ناکام کوشش کی جس کے دوران ان پر چاقو اور مسل سے حملہ کیا گیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ایم رمیش ، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملک پیٹ ایم سدرشن موقعہ واردات پر پہونچ گئے اور وہاں کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو اطمینان بخش شواہد دستیاب نہ ہونے پر ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کیا اور اس سلسلے میں سراغ حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ وامن راؤ کے پڑوس کے ایک مکان میں نصب کئے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی جانچ کی لیکن اس ویڈیو میں بھی پولیس کو کوئی سراغ حاصل نہیں ہوا ۔ پولیس اس کیس پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے مختلف زاویہ سے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور کئی شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو اس بات کا سراغ حاصل نہیں ہوا جس میں رہزن یا کوئی اجنبی وامن راؤ کے مکان میں داخل ہوکر اس پر اور اس کی بیوی پر قاتلانہ حملہ کیا ہوگا ۔ زخمی معمر جوڑے کو کارپوریٹ دواخانے منتقل کیا گیا ۔