فرضی تعلیمی اسناد کا ریاکٹ بے نقاب، تین افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔/11 مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں فرضی تعلیمی سرٹیفکیٹ کے ایک ریاکٹ کو پولیس نے بے نقاب کردیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی سے وابستہ ایک خاتون مفرور بتائی گئی ہے۔ وٹے پلی علاقہ میں سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے فلک نما پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے دھاوا کیا۔ اس کارروائی میں پولیس نے 45 سالہ کلیم الدین ساکن اسمعیل نگر، 44 سالہ فیروز ساکن اوپرپلی اور 35 سالہ عبدالباسط ساکن لنگر حوض کو گرفتار کرلیا جبکہ دہلی کی ساکن شیوانی مفرور بتائی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار ڈیویژن رودرا بھاسکر نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ کلیم سابق میں اس طرح کی کارروائیوں میں گرفتار ہوچکا ہے۔ کلیم سال 2015 میں جب وہ گرافک پرنٹنگ پریس میں کام کرتا تھا اس پریس کے مالک کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا تھا جب وہ فرضی سرٹیفکیٹ تیار کررہے تھے۔ جیل سے رہائی کے بعد کلیم نے سال 2020 میں فیروز سے ملاقات کی اور منصوبہ بناتے ہوئے فرضی دستاویزات فراہمی کا کاروبار شروع کردیا۔ بالا پور اور پہاڑی شریف پولیس کی کارروائی میں کلیم اور فیروز گرفتار کرلئے گئے اور ڈسمبر 2022 میں جیل سے رہائی کے بعد کلیم کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس کے بعد آصف نے کلیم کو شکیل سے واقف کروایا جو شیوانی ساکن دہلی سے فرضی سرٹیفکیٹ حاصل کررہے تھے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے کثیر تعداد میں فرضی تعلیمی سرٹیفکیٹس کو ضبط کرلیا۔ع