59 امیدواروں کی نشاندہی ، مقدمہ درج ، تحقیقات جاری
حیدرآباد /21 اگست ( سیاست نیوز ) فرضی تعلیمی سرٹیفکیٹ کے معاملہ نے محکمہ پولیس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ راست محکمہ پولیس میں ملازمت کیلئے فرضی سرٹیفکیٹ کا استعمال کرنے کا یہ منفرد واقعہ منظر عام پر آیا ۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ کانسٹیبل کیلئے منتخب زیر تربیت امیدواروں کی ٹریننگ روک دینے اور ان کے خلاف اقدامات کے احکامات بھی جاری کردئے گئے ہیں۔ فی الحال ایسے 59 امیدواروں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے محکمہ پولیس میں ملازمت حاصل کرنے کیلئے فرضی تعلیمی سرٹیفکیٹ کا سہارا لیا ۔ حدیرآباد میں ملازمت حاصل کرنے کیلئے مقامی سرٹیفکیٹ اور بونائیڈ کیلئے بھی غلط راستہ اختیار کیا گیا اور فرضی سرٹیفکیٹ تیار کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق 59 افراد میں 54 کا پولیس کانسٹیبل کیلئے انتخاب عمل میں آیا۔ جن کی تربیت جاری ہے ۔ اس کے علاوہ ان تمام کی جانچ کی جارہی ہے جو محکمہ میں برسر خدمت ہیں ۔محکمہ نے ہر ایک منتخب اور سابقہ میں منتخب ہونے والے ہر امیدوار کے تعلیمی اسنادات کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2022 اعلامیہ کے تحت منتخب ہونے والے امیدواروں کے خلاف خود محکمہ پولیس کی جانب سے سی سی ایس میں شکایت کی گئی ۔ پولیس ہر زاویہ سے ان امیدواروں کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے ۔ زیر تربیت امیدواروں کے علاوہ ملازمت میں موجود افراد کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ع