فرضی ویکسین کیس‘ 2000 صفحات پر مبنی چارج شیٹ داخل

   

ممبئی :فرضی کورونا ویکسین معاملے میں ممبئی کی کاندیولی پولیس نے بوریولی کورٹ میں چارج شیٹ داخل کر دیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ یہ چارج شیٹ کم و بیش 2000 صفحات پر مبنی ہے۔ اس چارج شیٹ میں پولیس نے 11 افراد کو ملزم بنایا ہے۔ پولیس کے مطابق چارج شیٹ میں تقریباً 500 لوگوں کے بیانات بھی درج کیے گئے ہیں۔ پولیس نے داخل چارج شیٹ میں اس بات کو مانا ہے کہ فرضی ویکسین کیمپ کو پیسہ کمانے کے مقصد سے ہی قائم کیا گیا تھا۔ معاملہ کاندیولی کے ہیرانندانی ہیریٹج سوسائٹی میں فرضی ویکسین کیمپ لگائے جانے کا ہے۔ اس کیمپ میں مجموعی طور پر 390 لوگوں کو کووڈ-19 ویکسین لگائی گئی تھی۔میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پولیس نے چارج شیٹ غیر ارادتاً قتل کی کوشش اور ثبوتوں کو مٹانے جیسی دفعات کے تحت داخل کی ہے۔ ممبئی میں کل 10 مقامات پر اس طرح کے فرضی ویکسین کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھاجس کی پولیس نے جانچ کی ۔