فرضی ڈگری گھوٹالہ : 15مقامات پر ای ڈی کے چھاپے

   

نئی دہلی۔ 8 نومبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی لکھنؤ ریجنل آفس نے موناڈ یونیورسٹی میں فرضی ڈگری گھوٹالے کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں اتر پردیش، دہلی اور ہریانہ میں 15 مقامات پر تلاشی لی۔ ای ڈی نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ یہ معاملہ خصوصی معلومات پر مبنی تھا، جس کے بعد اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے 18 مئی کو موناڈ یونیورسٹی پر چھاپہ مارا تھا۔ ای ڈی کے چھاپے کے دوران، بڑی تعداد میں جعلی اور فرضی تعلیمی دستاویزات، بشمول مارک شیٹ، ڈگریاں، عارضی سرٹیفکیٹ، اور مائیگریشن سرٹیفکیٹ برآمد ہوئے ، جو مبینہ طور پر ہاپوڑ کے پلکھوا میں واقع موناڈ یونیورسٹی سے جاری کیے گئے تھے ۔ ملزمان نے مبینہ طور پر مخصوص مدت کے دوران ایسی ہزاروں دستاویزات کی جعلسازی کی اور ان کی فروخت سے کافی غیر قانونی آمدنی حاصل کی۔ 2025 میں اتر پردیش میں ضلع ہاپوڑ کے پلکھوا تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد اس معاملے میں دس ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے وجیندر سنگھ عرف وجیندر سنگھ ہڈا کی شناخت اس منظم ریکیٹ کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر کی۔ وہ موناڈ یونیورسٹی کے چانسلر اور کنٹرولنگ آفیسر ہیں اور ان پر یونیورسٹی کے نیٹ ورک کے ذریعہ جعلی دستاویزات تیار کرنے اور جاری کرنے میں مدد کرنے کا الزام ہے ۔ وجیندر سرسوتی میڈیکل کالج، اناؤ کے سکریٹری بھی ہیں۔
اس کے بعد، یوپی ایس ٹی ایف نے اتر پردیش کے ہاپوڑ میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کی عدالت میں 11 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔ پی ایم ایل اے ، 2002 کی دفعہ 17 کے تحت تلاشیوں کے دوران، ای ڈی نے 43 لاکھ روپے کی نقدی، فرضی دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے ۔ ای ڈی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے ۔