کانگریس کا گاندھی جی کو خراج، ریونت ریڈی ، بھٹی وکرامارکا اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گاندھی جینتی پر کانگریس کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ اور دیگر قائدین نے گاندھی جی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔ 153 ویں جینتی پر گاندھی بھون ٹرسٹ کی جانب سے بھی جینتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منیجنگ ٹرسٹی چندر پرکاش کے علاوہ دیگر ٹرسٹیز نے شرکت کی اور گاندھی جی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے گئے۔ بوئن پلی میں گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر میں گاندھی جینتی تقریب منعقد ہوئی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے خطاب میں کہا کہ گاندھی جی کے نظریات اور اُصولوں پر عمل کرکے ملک میں فرقہ پرست و منافرت پھیلانے والی طاقتوں کا صفایا کیا جاسکتا ہے۔ ریونت ریڈی نے پارٹی پرچم لہرایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں نفرت کی سیاست کو عام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم اور جمہوریت کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف متحد کرنے ’ بھارت جوڑو‘ یاترا کا راہول گاندھی نے آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کی تعلیمات دنیا بھر کیلئے آج بھی آج بھی دنیا کیلئے اہمیت کی حامل ہیں۔سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ گاندھی جی نے ہندو مسلم اتحاد اور سماج میں بھائی چارہ کے فروغ کیلئے تحریک چلائی تھی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتیں ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گاندھی جی کے نظریات پر عمل کرکے سیکولرازم اور جمہوریت کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو‘ یاترا کو کامیاب بنائیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حیدرآباد کے سلم علاقوں میں عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے کانگریس جدوجہد کریگی۔ر