فرقہ پرست طاقتوں سے نمٹنے کیلئے سیکولر طاقتوں میں اتحاد ضروری

   

سیتا رام یچوری کا تعزیتی جلسہ، عزیز پاشاہ، مہیش کمار گوڑ اور سامبا سیوا راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کی جانب سے سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا۔ قومی سکریٹری سی پی آئی سید عزیز پاشاہ، ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ، تنظیم انصاف کے صدر منیر پٹیل کے علاوہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آنجہانی سیتا رام یچوری کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ ملک میں سیکولر طاقتوں کے اتحاد میں سیتا رام یچوری کے رول کی یاد تازہ کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ سی پی ایم قائد نے بی جے پی کے خلاف انڈیا اتحاد کو مضبوط کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ سی پی آئی کے قائدین ڈی جی نرسمہا راؤ، شریمتی وناجا ، سابق رکن اسمبلی جے چندر شیکھر اور دیگر قائدین نے جلسہ سے خطاب کیا۔ سید عزیز پاشاہ نے اپنے خطاب میں سیتا رام یچوری کی زندگی کا تفصیل سے احاطہ کیا اور کہا کہ2004 میں سیکولر جماعتوں کے یو پی اے اتحاد کے قیام میں آنجہانی قائد کا اہم رول رہا۔ حکومت کے اقل ترین مشترکہ پروگرام میں سیتا رام یچوری کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ پرست بی جے پی سے مقابلہ کیلئے سیکولر جماعتوں کو متحد ہونا چاہیئے۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ بی جے پی فرقہ پرست ایجنڈہ کے ذریعہ سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بائیں بازو جماعتوں نے ملک میں سیکولر طاقتوں کے استحکام میں اہم رول ادا کیا ہے۔ سیتا رام یچوری کا دیہانت ملک میں سیکولر اور جمہوری طاقتوں کیلئے عظیم نقصان ہے۔1