ملک پر حکمراں جماعت کا جدوجہد آزادی سے کوئی تعلق نہیں، کمزور طبقات کی کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد : 17 اگست ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی طبقات اور اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے عہد کی پابند ہے ۔ مہیش کمار گوڑ آج رویندر بھارتی میں تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اینڈ میناریٹیز فیڈریشن کی قومی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، جی ویویک وینکٹ سوامی ، اے آئی سی سی ایس سی سیل کے صدرنشین راجندر پال گوتم ، محمد اظہر الدین اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ مہیش کمار گوڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں ایسے افراد کی حکمرانی ہے جنہوں نے جدوجہد آزادی میں حصہ نہیں لیا ، ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن قائدین اور تنظیموں کا جدوجہد آزادی اور قربانیوں سے کوئی تعلق نہیں وہ ملک پر حکمرانی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں سے دستور کو بچانے کیلئے عوام کو متحد ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار دستور ہند کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ منواسمرتی کو نافذ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راہول گاندھی کے نظریہ کی تکمیل کرکے سماجی انصاف کو یقینی بنایا ہے ۔ مجالس مقامی کے علاوہ تعلیم اور روزگار میں پسماندہ طبقات کو 42فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات کے معاملہ میں تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دستور کے تحفظ کیلئے متحد ہوجائیں اور فرقہ پرستوں کے منصوبہ کو ناکام بنائے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ جائز مطالبات کے حصول کیلئے جدوجہد میں کوئی قباحت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد 70سال کے گزرنے کے باوجود سماجی انصاف پر مباحث جاری ہیں ۔ راہول گاندھی نے سماجی انصاف کو یقینی بنانے کیلئے ملک گیر سطح پر تحریک شروع کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کمزور طبقات کیساتھ مکمل انصاف کرے گی ۔ 1