گھر کی سجاوٹ کیلئے دیدہ زیب فرنیچر نہایت اہمیت رکھتا ہے۔فرنیچر نہ صرف ہر گھر کی ضرورت ہوتا ہے بلکہ اگر اس کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا جائے اور اسے نہایت سلیقے سے رکھا جائے تو یہ گھر کو خوبصورتی بخشتا ہے۔پہلے پہل لکڑی اور میٹل کے فرنیچر ہی استعمال کیے جاتے تھے لیکن آج کل پلاسٹک فرنیچر خواتین میں تیزی سے مقبولیت پا رہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ فرنیچر مارکیٹ میں کم قیمت، نہایت دلکش رنگوں اور منفرد ڈیزائنوں میں دستیاب ہوتے ہیں۔پلاسٹک فرنیچر کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ان کا وزن بہت کم ہوتا ہے اس لئے انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں آسانی ہوتی ہے جبکہ اس کی نسبت لوہے اور لکڑی کے فرنیچر ایک جگہ رکھ دیئے جائیں تو ان کی جگہ تبدیل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ پلاسٹک کے فرنیچر کو آپ جب چاہیں اور جہاں چاہیں باآسانی لے جا سکتے ہیں۔اگر آپ کا شام کی چائے سے لطف اندوز ہونے کا دل چاہ رہا ہے تو اسے لان میں لے جا سکتے ہیں۔اگر آپ کا موسم سے لطفِ اندوز ہونے کا دل چاہ رہا ہے تو اسے ٹیرس پر بھی منتقل کر سکتے ہیں۔ پلاسٹک کے فرنیچر میں ہمیں رنگوں اور ڈیزائن کی لاتعداد ورائٹی ملتی ہے، جس میں سے ہم اپنی پسند کے مطابق انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ان کی قیمت نہایت مناسب ہوتی ہے اس لئے ہر خاص و عام انہیں اپنے گھر کی زینت بنا سکتا ہے۔سب سے بڑی بات کہ یہ فرنیچر دوسری مصنوعات کی نسبت زیادہ پائیدار ہوتا ہے۔پلاسٹک فرنیچر بچوں میں بھی بے حد مقبول ہے کیونکہ اس میں بچوں کیلئے بے پناہ ورائٹی موجود ہے بچوں کیلئے مختلف سائز میں بنائے گئے سٹڈی ٹیبل، اٹیچڈ کرسی اور میز اور کئی طرز پر بنائے گئے فرنیچر بچوں میں بے حد پسند کیے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بچوں کیلئے خاص انداز میں بنائے گئے یہ فرنیچر ان کی دلچسپیوں کو اُبھار کر سیکھنے کے عمل کو تیز کرتے ہیں۔اس طرح بچوں میں اپنی چیز کا خیال رکھنے اور اسے صاف ستھرا رکھنے کی بھی تحریک پیدا ہوتی ہے۔اس لئے آپ بھی اپنے گھر کو اچھوتے زاویوں کے ساتھ سجائیں اور اس میں پلاسٹک فرنیچر کا اضافہ کریں یہ یقینا آپ کیلئے نہایت پُرسکون اور فائدہ مند ثابت ہو گا اور آپ کے گھر کی دلکشی میں بھی اضافہ کرے گا۔ اچھے معیار کا فرنیچر یہ ہے کہ وہ آرام کے لحاظ سے آرام دہ ہو دیکھنے میں خوشنما ہو، قیمت کی مناسبت سے مضبوط اور پائیدار ہو اور جس جگہ یا جس کمرے میں استعمال کیا جا رہا ہو اس کیلئے موزوں ہو۔آرام دہ فرنیچر کا انحصار اس کی ساخت پر ہوتا ہے چونکہ فرنیچر کی مختلف چیزیں انسان کو آرام پہنچانے اور کام کو آسان بنانے کیلئے استعمال ہوتی ہیں اس لئے فرنیچر کی ساخت انسانی جسم کی ساخت کی مناسبت سے ہونی چاہیے چنانچہ فرنیچر کی اونچائی، لمبائی اور گہرائی کے متعلق کچھ معیار مقرر ہیں مثلاً صوفوں اور آرام کرسیوں وغیرہ کی سیٹ کی اونچائی 32 انچ ہوتی ہیں اگر یہ اونچائی دو یا تین انچ کم ہو گی تو گھٹنوں پر زور پڑے گا اور اگر اونچائی زیادہ ہو گئی تو پاؤں زمین پر صیح طور پر نہیں ٹکیں گے۔فرنیچر کے ڈیزائین کے متعلق مغربی ممالک میں وسیع پیمانے پر تحقیق اور تجربات ہوتے رہتے ہیں اور جو فرنیچر سائنسی معلومات کی بنا پر صیح ناپ نمونہ اور مناسب لکڑی اور دوسری خام اشیاء سے بنایا جاتا ہے وہ آرام دہ بھی ہوتا ہے اور خوبصورت بھی۔ہر گھر میں تھوڑا بہت فرنیچر ضرور ہوتا ہے گھر کو آرام دہ بنانے اور سجانے کا ایک اہم جز فرنیچر ہے عموماً فرنیچر کی مختلف اشیاء وقتاً فوقتاً خریدی جاتی ہیں، گراں قیمت ہونے کی وجہ سے بیک وقت سارے گھر کی ضرورت کا فرنیچر ایک ساتھ نہیں خریدا جا سکتا اس لئے اگر اصولی طور پر فرنیچر کے متعلق پلاننگ کر کے خریداری کے اصولوں کو اپناتے ہوئے چیزیں خریدی جائیں تو زیادہ بہتر ہے۔