11.5 لاکھ ایکر اراضی تقسیم کرنے کا منصوبہ ، جنگلات کی صفائی ناقابل برداشت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ بنجر اراضی ( پوڈو اراضی ) کے معاملے میں ہماری خصوصی پالیسی ہے ۔ ریاست میں 66 لاکھ ایکر جنگلاتی اراضی ہے ۔ جنگلاتی اراضی پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اتفاق کرتے ہیں تو 11.5 لاکھ ایکر اراضی تقسیم کی جائے گی ۔ انہوں نے جنگلات کو نقصان پہونچانے اور فاریسٹ آفیسرس پر حملے کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق حکمرانوں نے قبائیلوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ اسمبلی میں بنجر اراضیات ( پوڈو اراضیات ) پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس پر ہر وقت سیاست کرنا درست نہیں ہے ۔ جنگلات کو اندھادھند کاٹنا مناسب نہیں ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ پر دنیا بھر میں تبادلہ خیال ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنجر اور جنگلاتی اراضیات بہت سے لوگوں کے لیے کھیل کا سامان بن گیا ہے ۔ قبائیلوں پر حملوں کو روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ کے سی آر نے کہا کہ چند اعلیٰ ذات طبقات کے لوگ قبائیلی لڑکیوں سے شادی کررہے ہیں اور ان کے نام پر بڑے پیمانے پر اراضی خریدتے ہوئے سیدھے سیدھے جنگلاتی اراضیات پر قبضے کررہے ہیں ۔ ایسے لوگوں کا ریکارڈ ان کے پاس موجود ہے جس کو وہ اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے بھی تیار ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قبائیلوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ مگر پوڈو اراضی کے نام جاری لوٹ مار پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے استفسار کیا کہ ریاست کے پاس جنگلات کی دولت ہونی چاہئے یا اس کو ختم کردینا چاہئے ۔ ہم سب نے دیکھا کہ نرسا پور کا جنگل ریگستان میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ ریاست میں جنگلات کو بحال کرنے کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے ۔ 8 سال کے دوران تلنگانہ میں 7.8 فیصد گرین کاور میں اضافہ ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بنجر اراضی کے معاملے میں ہماری پالیسی واضح ہے اس کا سروے بھی مکمل ہوگیا ہے ۔ فروری کے اواخر سے پوڈو اراضیات کی تقسیم کا آغاز کیا جائے گا ۔ اراضیات کی تقسیم کے بعد ریتو بندھو اسکیم سے فائدہ پہونچایا جائے گا ۔ تھری فیس برقی سربراہ اور پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ جن اراضیات پر کاشتکاری ہورہی ہے انہیں پٹہ دئیے جائیں گے ۔ لیکن اس کی ایک شرط ہے جو بھی پوڈو اراضیات حاصل کرنے والے قبائیلی ہیں وہ جنگلات کی حفاظت کرنے کا عہد کریں ۔ گرام پنچایتوں میں قرار دادیں منظور کریں ۔ جن گرام پنچایتوں میں قرار داد منظور کی جائیں گی انہیں ہی اراضی تقسیم کی جائیں گی ۔ اراضیات کی تقسیم کے بعد جنگلات پر قبضہ کرنے والے قبائیلوں کے پٹہ جات منسوخ کئے جائیں گے ۔ بے زمین قبائیلی طبقات کو دلت بندھو طرز کی قبائلی بندھو اسکیم سے فائدہ پہونچایا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے پولیس اور فاریسٹ آفیسرس کو قبائیلوں پر حملہ نہ کرنے کی ہدایت دی ساتھ ہی قبائیلوں کی جانب سے عہدیداروں پر کئے جانے والے حملوں کو بھی برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ گتی کویال کی غنڈہ گردی بھی قابل مذمت ہے ۔ آئندہ سے جنگلات کی صفائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ جنگلاتی اراضی کی حصار بندی کرتے ہوئے اس کے تحفظات کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ ماحولیات کے تحفظ کے لیے جنگلات کا تحفظ ضروری ہوگیا ہے ۔۔ ن