فروغ اردو کیلئے لائبریریوں میں کتابوں میں اضافہ کی اپیل

   

تحریک قلم ورنگل کے وفد کی چیرمین محمد عزیز خاں سے نمائندگی

ورنگل ۔ 24 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لائبریریوں میں روز افزوں اردو کتابوں کی کم ہوتی ہوئی تعداد کے پیش نظر تحریک قلم ورنگل کا ایک خصوصی اجلاس صدر تحریک قلم ناصر واحدی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔جس میں اردو کی آبیاری اور فروغ کے سلسلے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر تمام اراکین کی تجاویزات کے بعد یہ طئے پایا کہ اردو داں حضرات کو مطالعہ کے شوق کی طرف راغب کیا جائے ۔اور ضلع ورنگل کے لائبریریس چیرمین کو اردو کتابیں ،میگزینس ،اخبارات ،ناولس اور دیگر کتابوں کی خرید ی کے سلسلے میں واقف کروایا جائے ۔اس ضمن میں صدر تحریک قلم ورنگل جناب ناصر واحدی کی ہدایت پر ایک وفدضلع لائبریری چیرمین جناب محمد عزیز خان سے ڈسٹرکٹ لائبریری ورنگل کے دفترواقع ہنمکنڈہ میں ملاقات کرتے ہوئے دار امطالعوں میں اردو کتابوں کی اضافہ کی طرف توجہ دلائی گئی ۔جس پرضلع چیرمین دار المطالعہ جناب محمد عزیز خان نے مثبت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ارود کتابوں کی فہرست فراہم کرنے کی وفد سے خواہش کی ۔فہرست فراہم کرنے کی ذمہ داری متفقہ طور پر ناصر واحدی صدر تحریک قلم کو دی گئی ۔انہوںنے حیدر آباد کے معروف ٹریڈرس ہدا پبلیکشنس ،دکن ٹریڈرس ،اور قومی کونسل سے ملاقات کرکے تقریبا 100کتابوں پر مشتمل فہرست کو تیار کیا ۔مسعود مرزا محشر مشیر اعلی تحریک قلم اور حامد حسین حامد معتمد تحریک قلم نے ناصر واحدی کی ہدایت پر یہ فہرست ضلع لائربری چیرمین جناب محمد عزیز خان کو پیش کی ۔جس پرمحمد عزیز خان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مجوزہ کتابوں کو خریدنے کا وعدہ کیااور کہا کہ اس کا کوئی پروسیجر ہوتو وہ ضرور عمل کریں گے بصورت دیگر وہ اپنے زاتی خرچ سے کتابیں خرید کر لائربری میں رکھنے کے اقدامات کریں گے ۔اس موقع پر عزیز خان نے کہاکہ اردو ہمارے ملک کی زبان ہے اس کی آبیاری و فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔تلنگانہ کی ریاستی حکومت بھی اردو کی دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اس کی عمل آوری میں کوئی کثر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔