فروٹ فیس ماسک سے دلکشی بڑھائیں

   

اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک نعمت پھل ہیں۔پھل نہ صرف جسمانی عضلات کو طاقتور اور تندرست بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ اس کا استعمال جلد پر بھی اتنا ہی فائدہ مند ہے۔یہ اندرونی اور بیرونی جلد کے دونوں حصوں میں یکساں فائدہ مند ہوتے ہیں۔پھلوں کے اندر ایسے قدرتی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو ہماری جلد پر براہِ راست اثر انداز ہو کر انہیں ایک نئی دلکشی اور توانائی عطا کرتے ہیں۔
فروٹ ماسک: آج کل گھریلو ماسک تیار کرنے کا رجحان خواتین میں بڑھتا جا رہا ہے۔گھر میں بنائے جانے والے ماسک کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ ہر طرح کے کیمیکل سے پاک ہوتے ہیں۔گھریلو ماسک پھلوں، سبزیوں، انڈوں سے تیار کئے جاتے ہیں۔ انڈے کی سفیدی ہر قسم کی جلد کیلئے موزوں اور کیلشیم سے بھرپور ہوتی ہے ۔ خواتین عموماً انڈے کا ماسک چہرے پر استعمال کرتی ہیں۔ گھریلو ماسک استعمال کرنے سے قبل یہ جاننا ضروری ہے کہ آپ کی جلد کی نوعیت کیا ہے؟ ہم آپ کو مختلف جلد کی اقسام کے مطابق چند گھریلو نسخے بتاتے ہیں بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے ان نسخوں کا استعمال پابندی سے کریں۔
خشک جلد کیلئے ماسک: پپیتا اور کیلا ہم وزن لے کر اچھی طرح میش کر لیں پھر اس میں ایک ٹی اسپون شہد ڈال کر مکس کریں۔ اپنے چہرے اور گردن پر لگائیں، آدھے گھنٹے بعد دھو لیں۔خشک جلد پر یہ ماسک کرشماتی اثر دکھائے گا۔کیلے میں وٹامن، کیلشیم، فاسفورس اور پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔حساس جلد کیلئے کیلے کا ماسک مفید ہے ۔یہ جلد کو ڈھیلا ہونے سے بچاتا ہے اور تا دیر جوان رکھنے میں مدد دیتا ہے۔شہد، دودھ ہم وزن لے کر آمیزہ تیار کر لیں پھر اس میں جو کا آٹا ملائیں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگا کر خشک ہونے تک چھوڑ دیں پھر منہ دھو لیں۔خشک جلد کو ایسی ملائمت عطا ہو گی کہ آپ حیران ہو جائیں گی۔ایک کھانے کا چمچ ایلوویرا کا گودا اور ایک کھانے کا چمچ شہد اچھی طرح مکس کریں اور چہرے اور گردن پر لگا کر چھوڑ دیں ۔ پندرہ منٹ بعد پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔اب اپنے چہرے پر ذرا سی دیر میں نظر آنے والے فرق کو دیکھئے ۔ خشک جلد کیلئے یہ ماسک موزوں ترین ہے۔ حساس جلد پر بھی یہ ماسک لگایا جا سکتا ہے۔
نارمل جلد کیلئے ماسک: چند اسٹرابیری ایک کپ میں ڈال کر اچھی طرح میش کر لیں پھر اس میں ایک ٹی اسپون عرقِ گلاب مکس کر کے چہرے پر لگا لیں۔اب اس ماسک کو چہرے پر پندرہ منٹ کیلئے خشک ہونے دیں پھر نیم گرم پانی سے صاف کر لیں۔قدرتی نکھار اور چمک کیلئے اسٹرابیری جلد کیلئے مفید ہوتی ہیں۔ سیب اور کینو کا رس ہم وزن لے لیں۔چہرے اور گردن پر لگا کر آدھے گھنٹے کیلئے چھوڑ دیں اور پھر دھو لیں اس میں موجود پیکٹین اور وٹامن C چہرے کی جھریاں بننے والے عمل کو سست کر دیتی ہیں اور چہرہ جواں رکھتی ہیں۔بادام کو پیس کر دودھ میں ملا کر ایک پیسٹ بنا لیں اب اسے چہرے پر لگائیں ۔ چہرے کے داغ دھبے دور ہو جائیں گے اور جلد میں نرمی آجائے گی۔
چکنی جلد کیلئے ماسک: ملتانی مٹی، لیموں کا عرق اور عرقِ گلاب ہم وزن لے کر پیسٹ بنا لیں اب یہ ماسک چہرے پر لگا لیں۔بیس منٹ بعد چہرہ دھو لیں۔چکنی جلد کو کنٹرول کرنے کیلئے یہ ماسک ہفتہ میں تین مرتبہ لگائیں۔
تمام اقسام کی جلد کیلئے ماسک: خشک خوبانی کا ماسک تمام اقسام کی جلد کیلئے موثر ہے، اس کی تیاری کیلئے دو خشک خوبانیاں لے کر رات بھر کیلئے پانی میں بھگو دیں۔ اگلے دن اسے ہلکی آنچ پر پکائیں جب اچھی طرح گل جائیں تو انہیں مسل لیں۔ٹھنڈا ہونے پر اس مرکب کو بطورِ ماسک چہرے پر استعمال کریں۔دس منٹ بعد پانی سے دھو لیں۔انناس کا ماسک بھی تمام جلد پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس ماسک کے استعمال سے چہرے کے مردہ خلیے زندہ ہو جاتے ہیں ۔ چہرے کو تا دیر جواں رکھتا ہے۔ایک چوتھائی کپ انناس کا رس نکال لیں۔پہلے ایک تہہ چہرے پر لگائیں۔ خشک ہونے پر دوسری تہہ لگائیں۔اسی طرح تین تہہ در تہہ اس کا رس چہرے پر لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔اس کے علاوہ چیکو، آڑو کے گودے کو اسکرب کے طور پر چہرے پر استعمال کیا جاتا ہے۔یہ ہر قسم کی جلد کیلئے موزوں ہیں۔اسکربنگ کرتے ہوئے مساج کا وہی طریقہ ہے جو اوپر بتایا جا چکا ہے۔قدرتی اور گھریلو نسخے بازار میں موجود ریڈی میڈ اشیاء سے زیادہ کارآمد اور بہتر نتائج مرتب کرتے ہیں۔یہ آپ کے حسن کو دوام بخشیں گے۔اپنی زندگی میں ان چیزوں کا استعمال لازمی کر لیں تو نتائج زیادہ بہتر سامنے آئیں گے۔اچھی جلد کی حفاظت کیجئے اور اسے مزید بہتر بنانے کیلئے آپ کی تھوڑی سی محنت آپ کے چہرے پر رونق کا اضافہ کرے گی۔آزمائش شرط ہے۔