فصل بیمہ اسکیم شروع کرنے ریاستی حکومت کا منصوبہ

   

حیدرآباد ۔5 اگست (سیاست نیوز) یہ کہتے ہوئے کہ مودی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا، کسانوں کو مشکلات سے بچانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت کسانوں کیلئے ایک جامع فصل بیمہ اسکیم شروع کرنے پر کام کررہی ہے۔ قانون ساز کونسل میں کانگریس کے رکن ٹی جیون ریڈی کی جانب سے وقفہ سوالات کے دوران کئے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ ریاستی حکومت ایک فصل بیمہ اسکیم شروع کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کررہی ہے جس سے کسانوں کو آفات سماوی کے دوران راحت فراہم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم راجستھان اور مغربی بنگال میں عملدرآمد کی جارہی کراپ انشورس اسکیمس کا جائزہ لے رہے ہیں‘‘۔ وزیر زراعت نے مزید کہا کہ انشورنس کمپنیاں اسی وقت فصل بیمہ اسکیمات شروع کریں گی جب انہیں فائدہ ہو اس لئے ریاستی حکومت ایسے ماڈل کو اپنانے پر کام کررہی ہے جس سے کسانوں اور انشورنس کمپنیوں دونوں کو فائدہ ہوسکتا ہے۔