فضائیہ نے مارشل آف ایئر فورس ارجن سنگھ کو یاد کیا

   

نئی دہلی : فضائیہ آج اپنے جانباز آنجہانی مارشل آف ایئر فورس ارجن سنگھ (ڈی ایف سی) کو ان کی 103 ویں یوم پیدائش پر خراج عقدت پیش کر رہی ہے ۔فضائیہ اور پورا ملک فضائیہ کو ان کے کارنامے کو سلام کرتے ہیں۔مارشل آف ایئر فورس ارجن سنگھ 15 اپریل 1919 کو لائل پور (اب پاکستان کا فیصل آباد) میں پیدا ہوئے ۔ 19 سال کی عمر میں، انھیں آر اے ایف کالج، کرینویل میں تربیت کے لیے منتخب کیا گیا اور دسمبر 1939 میں انھیں رائل ایئر فورس میں بطور پائلٹ آفیسر کمیشن حاصل ہوا۔ انھیں دوسری جنگ عظیم کے دوران برما مہم میں شاندار قیادت، عظیم مہارت اور ہمت کے لیے ڈسٹنگویشڈ فلائنگ کراس (ڈی ایف سی) سے نوازا گیا۔ 15 اگست 1947 کو جب ہندوستان نے آزادی حاصل کی تو انھیں دہلی کے لال قلعہ کے اوپر سے ایک سو سے زائد ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں کے فلائی پاسٹ کی قیادت کرنے کا منفرد اعزاز دیا گیا۔ یکم اگست 1964 کو ارجن سنگھ نے 44 سال کی عمر میں ایئر مارشل کے عہدے کے ساتھ فضائیہ کے سربراہ (سی اے ایس) کا عہدہ سنبھالا۔