نئی دہلی، 10 نومبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے قومی دارالحکومت دہلی سمیت شمالی ہندوستان میں مسلسل بگڑتی فضائی صورتحال اور دم گھونٹنے والی آلودگی کے معاملے پر مرکزی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے سوال کیا ہے کہ آخر ہم فضائی آلودگی کے معاملے میں وشو گرو کیوں بنتے جا رہے ہیں؟ کھرگے نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کیلئے آلودگی سے نمٹنے کے بجائے دکھاوے کے اقدامات، تشہیری ہتھکنڈے ، ادھورے وعدے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی ہی حکمرانی کی پہچان بن گئے ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ گزشتہ سال فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے مراکز کے آس پاس پانی کے ٹینکروں سے چھڑکاؤ کیے جانے پر آلودگی کے اعداد و شمار کو متاثر کرنے کے الزامات لگے تھے ، جبکہ اس سال آلودگی کی سطح عروج پر پہنچنے کے دوران دہلی کے 59 میں سے 36 نگرانی مراکز پر پی ایم 2.5 کے اعداد و شمار ہی دستیاب نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 8 مئی 2019 کو فضائی آلودگی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا تھا، لیکن گزشتہ 12 برسوں میں اس مسئلے کے حل کیلئے صرف بیانات دیے گئے اور کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ دہلی-این سی آر کے علاوہ اتر پردیش، بہار، ہریانہ، پنجاب اور راجستھان کے لوگ بھی صاف ہوا کیلئے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ کیا وہ ملک کو فضائی آلودگی کے معاملے پر جواب دینے اور ہوا کا حساب دینے کی ہمت دکھائیں گے ؟ کھرگے نے آلودگی سے متعلق اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2023 میں دہلی میں ذراتی فضائی آلودگی کے باعث اندازاً 17,188 افراد کی موت ہوئی، جو مجموعی اموات کا تقریباً 15 فیصد ہے ۔ وہیں، اسٹیٹ آف گلوبل ایئر 2024 کی رپورٹ کے مطابق، 2021 میں ہندوستان میں پانچ سال سے کم عمر کے 1,69,400 بچوں کی موت فضائی آلودگی سے متعلق وجوہات کے باعث ہوئی۔
انہوں نے دہلی میں آلودگی پر قابو پانے کیلئے دستیاب فنڈز کے استعمال پر بھی سوال اٹھائے ۔ کھرگے کے مطابق، ستمبر 2026 میں آر ٹی آئی کے ذریعے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق، دہلی میں ماحولیاتی معاوضے کے طور پر جمع کیے گئے 1,154 کروڑ روپے ، یعنی تقریباً 60 فیصد رقم خرچ نہیں کی گئی۔ وہیں، دسمبر 2025 تک قومی صاف ہوا پروگرام کے تحت جاری کی گئی رقم میں سے دہلی حکومت صرف 17 فیصد ہی استعمال کر سکی۔ کھرگے نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بی جے پی کی حکومت والی دہلی، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کی حکومتوں کو آلودگی کے بحران سے نمٹنے کیلئے تفصیلی جواب اور مجوزہ اقدامات پیش کرنے کیلئے دو ہفتوں کا وقت دیا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہر سال اکتوبر سے فروری کے درمیان زہریلی دھند چھا جاتی ہے ، لیکن حکومتوں کی جانب سے وہی پرانی یقین دہانیوں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔ کانگریس صدر نے حکومت سے آلودگی پر قابو پانے کیلئے دستیاب فنڈز خرچ کرنے ، اخراج میں کمی لانے اور ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صاف ہوا کوئی خصوصی سہولت نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، جس کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔