فلاحی ، تعلیمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

   

ریاستی وزراء کی اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ، مختلف ہدایتیں
کاماریڈی۔22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایک اہم ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ریاستی وزراء نے مختلف فلاحی، تعلیمی اور ترقیاتی منصوبوں پر ضلعی کلکٹروں کے ساتھ تفصیلی جائزہ لیا۔ اس اجلاس کی صدارت ریاستی وزراء پونم پربھاکر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ، پونگولیتی سرینواس ریڈی ریوننیو اور ایلکشمن کمار (ایس سی، ایس ٹی، اقلیتی فلاح و بہبود) نے مشترکہ طور پر کی جبکہ ریاست کے چیف سکریٹری نے نگرانی کا فریضہ انجام دیا۔ اجلاس میں اقامتی اسکولوں، اقامتی ہاسٹلز اور اقلیتی فلاحی اداروں میں صاف پانی، معیاری خوراک، اور صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ ریونیو وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے زمینی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں 8 لاکھ سے زائد درخواستیں زیر التوا ہیں۔ عدالت میں زیر سماعت مقدمات کو چھوڑ کر باقی تمام درخواستوں کو فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت دی گئی۔ وزراء نے بتایا کہ اسکیم کے تحت شہری علاقوں میں 57 ہزار مکانات کی منظوری دی گئی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں پرانی ڈبل بیڈروم اسکیم کے تحت مزید 40 ہزار مکانات زیر غور ہیں۔ اسی دوران، چیف سکریٹری دانا کشور نے آئی ٹی آئیز اور اے ٹی سی اداروں کو اپ گریڈ کرنے، داخلے بڑھانے اور معذور افراد کے لیے 50 کروڑ روپے مالیت کے آلات کی فراہمی کا منصوبہ بھی پیش کیا۔ ویڈیو کانفرنس کے اختتام کے بعد کاماریڈی ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے ضلعی سطح پر علیحدہ اجلاس منعقد کیا، جس میں تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ فلاحی ہاسٹلز اور اقامتی اسکولوں کا اس موقع پر دورہ کریں اور صفائی، رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات کی نگرانی کریں۔ سانپ کے کاٹنے جیسے حادثات کی روک تھام کے لیے اطراف کے جھاڑ جھنکار فوری صاف کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ اندرامّاں مکانات، ریونیو عدالتوں،بھومی مسائل اورانا مہوتسو مہم سے متعلق اہداف کی جلد تکمیل پر زور دیا گیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، چندر، ڈی ایف او نکھیتا اور دیگر ضلع کے عہدیداروں نے شرکت کی۔