فلاحی اسکیمات کے فوائد بنیادی سطح تک پہنچائیں

   

اعلیٰ سطحی اجلاس ، ہریش راو اور ونود کمار کی عہدیداروںکو ہدایت
حیدرآباد ۔17۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ اور نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے سرکاری اسکیمات کے فوائد بنیادی سطح تک پہنچانے کے علاوہ تعلیم اور زراعت کے شعبوں کی کارکردگی کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا ۔ خیریت آباد میں واقع اسٹاٹسٹیکل ڈپارٹمنٹ میں منعقدہ اس اجلاس میں حکومت کے اسپیشل چیف سکریٹری سومیش کمار ، پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ ، نیتی آیوگ کے مشیر مرلی دھرن کارتیکن، ڈائرکٹر اسٹاٹسٹیکل ڈپارٹمنٹ سدرشن ریڈی ، ڈائرکٹر پلاننگ پی کے میرا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں ضروری اصلاحات کا جائزہ لیا گیا ، اس سلسلہ میں عہدیداروں سے تجاویز حاصل کی گئیں۔ کسانوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے بروقت رہنمائی کے سلسلہ میں غور کیا گیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو کسانوں کے مسائل سے آگہی حاصل کرتے ہوئے رہنمائی کرنی چاہئے تاکہ انہیں نقصانات سے بچایا جاسکے ۔ پلاننگ ڈپارٹمنٹ نے سی ای جی آئی ایس ادارہ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جائزہ اجلاس میں وزیر فینانس اور نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ حکومت کی تمام اسکیمات کے فوائد عام آدمی تک پہنچنے چاہئے ۔