مغربی کنارہ : تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) نے مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی سب سے بڑی کارروائی کرنے کے ممکنہ اسرائیلی اقدام کے بارے میں خبردار کیا ہے۔یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب دوسری طرف اسرائیل الخلیل کے جنوب میں واقع مسافیطا کے علاقے سے آٹھ دیہاتوں میں بسنے والے سیکڑوں فلسطینی خاندانوں کوبے دخل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔اسرائیل میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنی والی تنظیم “بیت سیلم” نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کو ایک مکتوب بھیجا تھا جس میں ان سے نقل مکانی کے عمل کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے مسافر یطا میں خلہ الضبع کے رہائشیوں کو اپنے گھر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج ان کے لیے متبادل جگہ تلاش کرے گی۔ تقریباً ایک ہزار افراد پر مشتمل آٹھ دیگر کمیونٹیز کو بھی گھر خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا تھا کہ اسرائیل ان فلسطینیوں کی اراضی پر قبضہ کر سکتا ہے اور ان دیہاتوں کو خالی کرا سکتا ہے، کیونکہ یہ فوجی ٹریننگ زون میں آتے ہیں۔