فلسطینی فٹبالر محمد برکت اسرائیل کے حملے میں شہید

   

غزہ ۔مقدس ماہِ رمضان میں بھی اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مشہور فلسطینی فٹبالر محمد برکت غزہ میں جاری جنگ کے دوران خان یونس میں واقع ان کے گھر پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے ہیں۔ محمد برکت نے فلسطین کی نیشنل ٹیم کی نمائندگی کی اور مقامی کلب کی جانب سے میچز بھی کھیلے ہیں۔ محمد برکت کو خان یونس کا لیجنڈ کہا جاتا تھا، انہوں نے اپنے کیریئر میں 114گول اسکور کیے اور خان یونس یوتھ کلب کے کپتان بھی تھے۔ مقامی فٹبال کلب کے ایک کھلاڑی نے محمد برکت کی موت کو فلسطینی فٹبال کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ان کے خلاف کھیل چکا ہوں، برکت ذہین اور بہت تیز فٹبالر تھا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ماہ رمضان میں غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مسلمانوں کا امن و سلامتی پھیلانے والا ماہ مقدس رمضان شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں بھی غزہ میں بمباری، خون ریزی اور ہلاکت خیزی جاری ہے، ماہ رمضان کا احترام کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کی جائے۔