رملہ 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کو دو بچوں سمیت مزید 11 فلسطینیوں کے کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 205 ہوگئی ہے۔ رملہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کا شکار ہونے والے بچوں میں سے ایک کی عمر 11 اور دوسرے کی 15 سال ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن کے وسطی شہر رملہ اور البیرہ میں بیتونیا کے مقام پر تین نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ القدس گورنری میں بیت عنان اور قطنہ میں بھی کرونا کے مزید تین کیس سامنے آئے جب کہ طولکرم پناہ گزین کیمپ میں دو اور الخلیل میں حلحول کے مقام پر بھی دو کیس سامنے آئے۔کل فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شمالی بیت المقدس میں عطروت کے مقام پر کورونا کے مزید 22 کیس سامنے آئے تھے۔ایک بیان میں محمد اشتیہ نے خبر دار کیا کہ آئندہ دو ہفتے فلسطینیوں کے لیے کورونا کے حوالے سے خطرناک ہیں کیونکہ ایسٹر تہوار کے موقع پر 45 ہزار فلسطینی ملازمین اسرائیلی علاقوں سے واپس اپنے گھروں کو آئیں گے۔جمعرات کو فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے فلسطینی علاقوں میں کورونا وباء پرقابو پانے ہنگامی حالت میں مزید توسیع کردی تھی۔
