حیدرآباد میں ریالی اور جلسہ عام، سید عزیز پاشاہ اور نامور صحافی کے سرینواس کا خطاب
حیدرآباد۔یکم ؍ نومبر، ( سیاست نیوز) فلسطین پر اسرائیلی مظالم اور غزہ پر حملوں کے خلاف بائیں بازوجماعتوں کی جانب سے احتجاجی جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں نامور صحافیوں، دانشوروں اور سی پی آئی اور سی پی ایم کے قائدین نے شرکت کرتے ہوئے فلسطین پر اسرائیل کی بربریت فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ فلسطین کو ایک مکمل آزاد مملکت کے طور پر قبول کیا جائے۔ آندھرا جیوتی کے ایڈیٹر کے سرینواس نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم نے انسانیت سوز حرکات کی حد کردی ہے۔ ساری دنیا کو ایک آواز ہوکر مذمت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے فلسطین کو آزاد اور بااختیار مملکت کے طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر آبادیوں کو نشانہ بنایا ہے اور دواخانوں پر بمباری کے ذریعہ انسانی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ہندوستان کی غیر حاضری کی مذمت کی اور کہا کہ مودی حکومت نے ملک کی روایتی پالیسی سے انحراف کیا ہے۔ سی پی ایم کے قائد ڈی جی نرسمہا راؤ نے صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ہدایات اور اصولوں کو اسرائیل نے نظرانداز کردیا ہے۔ ساری دنیا کو اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے پابندی عائد کرنی چاہیئے۔ سی پی ایم قائد محمد عباس نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ فلسطین کے عوام خطرہ میں ہیں اور اسرائیل غزہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے۔ جلسہ عام سے سی پی آئی ایم ایل، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی، ایم سی پی آئی یو، ایس یو سی آئی اور آر ایس پی کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے فلسطین پر حملوں کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر بائیں بازو قائدین نے فلسطین کی تائید میں ریالی منظم کی۔