فلمی انداز میں بینک میں نقب زنی‘ 8 کیلو سونا لوٹا گیا

   

حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) فلمی انداز میں نقب زنی کے ذریعہ نظام آباد میں تلنگانہ گرامینا بینک سے رہزن 8.3 کیلو گرام سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ بوسا پور گاؤں کے نواح میں تلنگانہ گرامینا بینک میں پیش آیا۔ یہ قومی شاہراہ مہاراشٹرا جاتی ہے۔ لوٹے گئے زیورات کی مالیت 2.07 کروڑ بتائی گئی ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس واقعہ میں پیشہ ور رہزنوں نے حصہ لیا اور وہ ایسے جرم کا تجربہ رکھتے ہیں۔ رہزنوں نے 2 گیس سلینڈرس کا استعمال کرکے بینک کی تجوری کو توڑ دیا۔ انہوں نے داخلہ پر موجود سی سی ٹی وی کیمرے کو نقصان پہنچایا۔ ابتدائی فوٹیج میں ماسک پہنے ایک شخص کو دیکھا گیا تاہم بعد میں کیمرے کو توڑ دیا گیا۔ شٹرس کو توڑ کر سارقین بینک میں داخل ہوئے اور اسٹیل سے بنی تجوریوں کو دو گیس سلینڈرس کی مدد سے کھول دیا۔ اس کارروائی میں تقریباً 7 لاکھ روپئے کے کرنسی نوٹ جزوی طور پر جل گئے۔ سارقین نے 8.3 کیلو گرام طلائی زیورات نکال لئے۔ سارقین نے بینک میں داخلہ سے قبل الارم کو ناکارہ بنادیا تھا۔ انتہائی شاطرانہ انداز میں سم کارڈ کو نکال کر چوکس کرنے والے آلہ کو ناکارہ بنادیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ گروہ نے یہ کارروائی کی ہے۔ یہ بینک گاؤں کے نواحی علاقہ میں قومی شاہراہ کے قریب ہے جس کے سبب اس کارروائی کو انجام دینے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی۔ پولیس کمشنر نظام آباد ناگاراجو نے بینک کا دورہ کیا۔ر