بسواتارکم کینسر ہاسپٹل کی 22 جون کو سلور جوبلی، چندرا بابو نائیڈو، ریونت ریڈی اور جے پی نڈا شرکت کریں گے
حیدرآباد۔ 10 جون (سیاست نیوز) بسوا تارکم انڈو امریکن کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سلور جوبلی تقاریب کا حیدرآباد میں 22 جون کو انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس موقع پر دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس اور مرکزی ریاستی وزراء شرکت کریں گے۔ ہاسپٹل اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے صدر نشین اور فلم اسٹار ننداموری بالاکرشنا نے آج سلور جوبلی تقاریب کی تفصیلات سے میڈیا کو واقف کرایا۔ ننداموری بالاکرشنا نے ہاسپٹل میں کینسر سے متاثرہ کمسن بچوں کے ساتھ سالگرہ منائی اور بچوں کو کیک کھلایا۔ بالا کرشنا نے کہا کہ بسواتارکم کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سلور جوبلی تقاریب کی اختتامی تقریب 22 جون کو نواٹیل ہوٹل ہائی ٹیک سٹی میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2000 میں ہاسپٹل کا قیام عمل میں آیا جس میں کینسر کے مریضوں کے موثر علاج کے 25 سال مکمل کرلئے ہیں۔ آنجہانی این ٹی راما راؤ اور ان کی اہلیہ آنجہانی بسواتارکم کو خراج کے طور پر ہاسپٹل کا قیام عمل میں آیا ہے۔ بالاکرشنا نے بتایا کہ سلور جوبلی تقاریب میں مرکزی وزیر صحت جی پی نڈا، سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی، چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور مرکزی و ریاستی وزراء میں وزیر شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو، مملکتی وزیر صحت انوپریہ پٹیل، وزیر صحت تلنگانہ دامودر راج نرسمہا، وزیر صحت آندھرا پردیش ستیہ کمار شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ہاسپٹل کے نئے نارتھ بلاک کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ امراوتی میں نیا ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا۔ گزشتہ 25 برسوں کے دوران ہاسپٹل کی کامیاب کارکردگی میں اہم رول ادا کرنے والوں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ ہاسپٹل کے احاطہ میں بالاکرشنا نے کینسرکے کمسن مریضوں اور ہاسپٹل اسٹاف کی موجودگی میں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ انہوں نے بچوں میں کھلونے اور دیگر تحائف تقسیم کئے۔ کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے اس موقع پر دو مخیر افراد کی جانب سے عطیات پیش کئے گئے۔ تقریب میں ڈاکٹر ٹی سبرامنیش راؤ میڈیکل ڈائرکٹر، ڈاکٹر پی کوٹیشور راؤ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر کلپنا رگھوناتھ اسوسی ایٹ ڈائرکٹر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ 1؍F m/b/