پولیس کی جاری کردہ نوٹس پر حکم التوا، 24 ڈسمبر کو آئندہ سماعت
حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) فلم اسٹار موہن بابو کو تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج اس وقت اہم راحت ملی جب عدالت نے ان کے خلاف پولیس کی جانب سے جاری کردہ نوٹس پر حکم التوا جاری کردیا ہے۔ موہن بابو اور ان کے افراد خاندان کے درمیان گذشتہ دو دن سے تنازعہ جاری ہے اور ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی گئی۔ پولیس راچہ کنڈہ نے تحقیقات کیلئے موہن بابو کو طلب کرنے کیلئے نوٹس جاری کی۔ فلم اسٹار نے پولیس کی نوٹس کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے حکم التوا کی اپیل کی۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے راچہ کنڈہ پولیس کی جاری کردہ نوٹس پر حکم التوا جاری کردیا۔ عدالت نے تحقیقات کیلئے پولیس کے روبرو پیش ہونے کیلئے 24 ڈسمبر تک کی مہلت دی ہے اور اسی دن اس معاملہ کی آئندہ سماعت ہوگی۔ واضح رہے کہ موہن بابو کو کل رات گچی باؤلی کے ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ ڈاکٹرس کی جانب سے ان کی صحت کے بارے میں ہیلت بلیٹن جاری کیا گیا ہے۔ طبی معائنوں کے دوران موہن بابو کے چہرے پر ہلکے زخم پائے گئے اور ہاسپٹل میں ان کا علاج جاری ہے۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے موہن بابو کی جانب سے دائر کی گئی لنچ موشن پٹیشن کو سماعت کیلئے قبول کیا۔ موہن بابو اور ان کے فرزند فلم اسٹار گنیش کے درمیان تنازعہ پولیس تک پہنچ چکا ہے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔1