میری زندگی کا دلچسپ تجربہ، روانگی کے انتظام پر کے ٹی آر اور ڈی جی پی سے اظہار تشکر
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) ملک میں کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں لاکھوں غیر مقامی مزدور اپنے آبائی مقامات روانگی کے لیے بے چین ہوگئے تھے۔ حکومت کی پابندیوں کے نتیجہ میں اُنھیں روک دیا گیا اور کئی مقامات پر شیلٹرس میں قیام کرنا پڑا۔ فلم اسٹار پرکاش راج نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر مقامی مزدوروں کو اپنے فارم ہاؤز میں پناہ دی۔ 44 دن تک اُنھوں نے فارم ہاؤز میں غیر مقامی ورکرس کو تمام تر سہولتیں فراہم کرتے ہوئے رہنے کا انتظام کیا۔ پرکاش راج فاؤنڈیشن کے ذریعہ اُنھوں نے غیر مقامی ورکرس اور مزدوروں کی مدد کی۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے ایک ہفتہ تک روزآنہ 40 خصوصی ٹرینوں کے ذریعہ ورکرس کی منتقلی کے فیصلے کے بعد پرکاش راج نے فارم ہاؤز میں موجود ورکرس کی روانگی کا انتظام کیا۔ حیدرآباد کے علاوہ ورنگل، کھمم، راماگنڈم اور دامرچرلہ سے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کو خصوصی ٹرین روانہ ہورہی ہے۔ پرکاش راج نے مزدوروں کی روانگی کے انتظامات پر کے ٹی آر اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے اظہار تشکر کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اُن کے فارم ہاؤز میں موجود ورکرس اپنے آبائی مقامات روانہ ہوچکے ہیں۔ پرکاش راج نے کہاکہ ورکروں کے ساتھ 44 دن گزارنا اُن کی زندگی کا منفرد تجربہ ہے۔ اِس مدت کے دوران اُنھوں نے مزدوروں کی زندگی کے بارے میں بہت کچھ سیکھا ہے۔ پرکاش راج نے خصوصی بسوں کا انتظام کرتے ہوئے اُنھیں ریلوے اسٹیشن تک پہنچایا اور مزدوروں کے ساتھ لی گئی تصاویر کو ٹوئٹر پر اپ لوڈ کیا۔
