حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے فلم پروڈیوسر الو اروند کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے کمرشیل کامپلکس پر غیر قانونی طریقہ سے زائد فلور کی تعمیر پر وضاحت طلب کی ہے ۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 پر واقع الو بزنس پارک پر ایک اضافی فلور جی ایچ ایم سی کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا ۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے مطابق 21 اگست کو ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں نے معائنہ کے دوران منظورہ پلان کے علاوہ ایک اضافی فلور کی تعمیر کی نشاندہی کی ہے۔ جی ایچ ایم سی نے منصوبہ کے تحت دو سیلرس ، ایک گراؤنڈ فلور اور چار فلورس (G+4) کی اجازت دی تھی تاہم ایک زائد فلور اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 اور ٹی بی پاس ایکٹ 2020 کی دفعہ 10 کے تحت نوٹس جاری کی گئی اور کہا گیا کہ کیوں نہ غیر قانونی فلور کو منہدم کردیا جائے۔ جی ایچ ایم سی نے فوری طور پر تعمیری کاموں کو روکنے کی ہدایت دیتے ہوئے کامپلکس کے مالک کو ڈپٹی میونسپل کمشنر جوبلی ہلز کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی ۔ 1
نوٹس میں کہا گیا کہ شخصی طور پر عدم حاضری اور دستاویزات پیش نہ کرنے کی صورت میں جی ایچ ایم سی قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔ واضح رہے کہ الو اروند نے نومبر 2023 میں 1220 مربع گز اراضی پر کامپلکس تعمیر کیا تھا۔1