فلم پروڈیوسر دل راجو کی قیامگاہ اور دفاتر پر انکم ٹیکس کے دھاوے

   

55 ٹیموں نے 8 مقامات پر ٹالی ووڈ کے پروڈیوسرس کے مکانات کی تلاشی لی

حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) انکم ٹیکس عہدیداروں نے آج تلگو فلموں کے مشہور پروڈیوسر اور تلنگانہ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین دل راجو کی قیامگاہ اور دفاتر پر دھاوے کئے۔ انکم ٹیکس عہدیداروں نے پشپا 2 فلم کے پروڈیوسر نوین کے دفاتر پر بھی دھاوے کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 55 مختلف ٹیموں نے ایک ہی وقت میں 8 مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے بینک معاملتوں کا جائزہ لیا۔ جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز میں واقع دل راجو کی قیامگاہ کے علاوہ اُن کے بھائی سریش اور دختر ہنسیتا ریڈی کے مکانات پر بھی دھاوے کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھاوے دن بھر جاری رہے جس میں کئی اہم دستاویزات اور بینک اکاؤنٹس کے علاوہ بینک لاکرس کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔ دل راجو کی اہلیہ کو بینک لیجاکر انکم ٹیکس عہدیداروں نے لاکرس کا معائنہ کیا۔ صبح دھاوؤں کا آغاز ہوا جو شام تک جاری رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بینکوں کی معاملات اور انکم ٹیکس کی ادائیگی میں بے قاعدگیوں کی شکایت پر یہ دھاوے کئے گئے۔ دل راجو نے حال ہی میں فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھالی ہے اور فلم پشپا 2 کے پریمئر شو کے موقع پر بھگدڑ کے واقعہ کے بعد ٹالی ووڈ اور حکومت کے درمیان دوریوں کو ختم کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ دل راجو کی اہلیہ تیجسونی نے بتایا کہ انکم ٹیکس عہدیداروں نے جو بھی تفصیلات طلب کی ہیں اُنھیں فراہم کیا گیا ہے۔ بینک پہونچ کر عہدیداروں نے ریکارڈس اور لاکرس کا معائنہ کیا۔ حیدرآباد میں تلگو فلم انڈسٹری کی اہم شخصیتوں کی قیامگاہ اور دفاتر پر دھاوؤں سے ٹالی ووڈ میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ دل راجو کے ادارے مایتری مووی میکرس، مینگو مووی میکرس کے دفاتر کی بھی تلاشی لی گئی۔ گچی باؤلی، ہائی ٹیک سٹی، کنڈہ پور، جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز میں یہ دھاوے کئے گئے۔ 1