فلم ’کنگ‘ سے شاہ رخ اور دپیکا کی تصاویر کا افشاء

   

ممبئی ، 2 مئی (ایجنسیز) بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلمیں سنیما گھروں میں خاص جادو رکھتی ہیں اور ان کی آنے والی فلموں کیلئے مداحوں میں زبردست جوش پایا جاتا ہے۔ 2023ء میں اسپائی تھرلر فلم ’’پٹھان‘‘ کے ذریعے شاہ رخ خان نے شاندار کارکردگی دکھائی اور ایک بار پھر بالی ووڈ کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دیا۔ اسی سال ان کی فلم ’’جوان‘‘ نے بھی 1000 کروڑ کا بزنس کیا، جبکہ فلم ’’ڈنکی‘‘ کو بھی اچھا رسپانس ملا۔ 2024ء اور 2025ء میں بطور مرکزی اداکار ان کی کوئی بڑی فلم ریلیز نہیں ہوئی، لیکن اب 2026ء میں وہ ’’کنگ‘‘ کے ساتھ واپسی کے لیے تیار ہیں۔ فلم کی ریلیز تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ہی شاہ رخ خان کا فرسٹ لک بھی سامنے آ گیا ہے۔ فی الحال فلم کی شوٹنگ جنوبی افریقہ میں جاری ہے جہاں سے تصاویر لیک ہو گئی ہیں، جس کے بعد ٹیم کافی پریشان ہے۔ جنوبی افریقہ شیڈول سے تصاویر لیک ہونے پر سدھارتھ آنند نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ لیک ہونے والی تصاویر کو شیئر یا وائرل نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم دن رات محنت کررہی ہے تاکہ ناظرین کو بہترین سنیما کا تجربہ دیا جا سکے۔ انہوں نے مداحوں سے صبر کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اصل ویڈیوز اور مناظر ٹیم کی جانب سے خود جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنگ کے سٹ سے لیک ہونے والے کسی بھی مواد کو پھیلایا نہ جائے اور سب سرپرائز کا انتظار کریں۔ حال ہی میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی ایک سین کی تصاویر سامنے آئی ہیں جس میں شاہ رخ دھاری دار شرٹ اور سن گلاسز میں جبکہ دپیکا پرنٹڈ ڈریس میں نظر آ رہی ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ فلم کرسمس کے موقع پر 24 دسمبر 2026ء کو ریلیز کی جائے گی۔ اس کا پروڈکشن گوری خان کر رہی ہیں جبکہ ہدایت کاری سدھارتھ آنند کے ذمہ ہے۔ اس فلم کا بجٹ تقریباً 350 کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے اور اس سے 1000 کروڑ کے بزنس کی توقع کی جا رہی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون، رانی مکرجی، سہانا خان (پہلی فلم)، ابھیشیک بچن، ابھی ویرما، انیل کپور اور ارشد وارثی سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔