فلم کے جی ایف کرناٹک باکس آفس پر باہوبلی ۔II کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

   

بنگلورو۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ہندوستان کی فلم انڈسٹری میں پربھاس اسٹار کی فلم باہوبلی ۔ II دی کنکلوشن کو اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل ہے لیکن عنقریب کناڈا فلم میں یہ ریکارڈ فلم کے جی ایف چیاپٹر ۔I کے نام ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیوں کہ باہوبلی ۔II نے کرناٹک کے باکس آفس پر 129 کروڑ کا بزنس کیا تھا جبکہ کے جی ایف نے ریلیز کے 25 دنوں میں ہی 121 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔ کے جی ایف اپنے ایک مہینے کے تکمیل کے ساتھ ہی باہوبلی کے ریکارڈ کو توڑنے کے ناصرف قریب پہنچ چکی ہے کہ بلکہ امید کی جارہی ہے کہ آنے والے چند دنوں میں یہ ریاست کی باکس آفس کے نئے ریکارڈس قائم کرے گی۔ باہوبلی ۔II نے 29 دنوں میں 129 کروڑ کا بزنس کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ کے جی ایف نے صرف 25 دنوں میں ہی کئی ایک ریکارڈس اپنے نام کرلیے ہیں۔ کے جی ایف کے چند قابل ذکر ریکارڈس کچھ اس طرح ہیں۔ یہ فلم جنوبی ہندوستان کی 200 کروڑ کا عالمی بزنس کرنے والی پانچویں فلم بن چکی ہے۔ کے جی ایف صرف ایک ریاست میں ہی 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔ اس فلم کو ہندوستان کی کئی ایک زبانوں میں ایک ساتھ ریلیز کیا گیا ہے جس میں ہندی ورژن میں 50 کروڑ سے زائد کی آمدنی حاصل کرنے والی فلموں میں اپنا نام درج کرلیا ہے جبکہ تلگو ورژن میں 25 کروڑ کی آمدنی کے ساتھ کامیاب ترین فلموں میں خود کو شامل کیا ہے۔ مجموعی طور پر اس فلم نے صرف 25 دنوں میں 219.99 کروڑ کا ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے۔