فلورین کا منفرد بولنگ ایکشن، سوشل میڈیا پر مقبول

   

لندن ۔2 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) یورپیئن ٹی20 کرکٹ لیگ میں رومانیہ کے بولر پیول فلورین کا دلچسپ بولنگ ایکشن سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔ اسپین میں جاری یورپیئن لیگ میں رومانیہ کے بولر کا منفرد بولنگ ایکشن سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔رومانیہ کے پیول فلورین پیشے کے اعتبار سے باڈی گارڈ ہیں اور رومانیہ کلج کرکٹ کلب کے کھلاڑی اور صدر ہیں۔فلورین کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور فارغ وقت میں کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے فروغ کی بھی کوشش کرتے ہیں۔فرن کلب ڈریوکس کے خلاف کئی گئی بولنگ کے دوران ان کا ایکشن بہت مقبول ہوا جہاں کچھ لوگوں نے اسے سراہا تو چند لوگوں نے اسے کرکٹ کے کھیل کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ پیول فلورین بھاگتے ہوئے آتے ہیں اور پھر انتہائی سست رفتار میں گیند پھینکتے ہیں جبکہ ان کی بولنگ لائن بھی کسی پیشہ ورانہ بولر سے ہرگز مطابقت نہیں رکھتی۔تاہم شائقین کرکٹ کی تنقید کے باوجود فلورین نے کھیل سے محبت کے سبب کرکٹ کھیلنے اور بولنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فلورین نے کہا ہے کہ وہ پروفیشنل کرکٹر نہیں ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن بھی اچھا نہیں لیکن وہ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔سابق لیگ اسپنر شین وارن نے بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک خوبصورت کھیل ہے، میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی بدولت یہ ممکن ہو سکا، میں اگلے سال سے اس ٹورنمنٹ کا مشاہدہ کروں گا اور اگر میری مدد درکار ہوئی تو میں بالکل حاضر ہوں۔