بینگلورو۔ 14نومبر (یو این آئی) گھریلو ای کامرس پلیٹ فارم فلیپ کارٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 1,000 روپے سے کم قیمت کی مصنوعات پر فروخت کنندگان سے کوئی کمیشن نہیں لے گا، جس سے توقع ہے کہ ان مصنوعات کی قیمتیں صارفین کے لیے مزید کم ہوجائیں گی۔ کمپنی نے جمعہ کو بتایا کہ آن لائن فروخت کو زیادہ جامع اور ترقی پر مبنی بنانے کے عزم کے تحت زیرو کمیشن ماڈل شروع کیا گیا ہے ۔ اس سے لاگت کا ڈھانچہ آسان ہوگا اور مسابقتی قیمتوں کو فروغ ملے گا۔ اس کے تحت شاپسی پر تمام مصنوعات پر صفر کمیشن لاگو کیا گیا ہے ، جس سے صارفین کے لیے مصنوعات مزید سستی ہو جائیں گی۔ زیرو کمیشن ماڈل کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ مقامی اور ابھرتے ہوئے ایم ایس ایم ای برانڈز ڈیجیٹل معیشت سے جڑ سکیں اور ملک بھر کے کروڑوں صارفین کو بہتر قیمت اور زیادہ انتخاب فراہم کر سکیں۔اس کے تحت 1,000 روپے سے کم قیمت والی مصنوعات فروخت کرنے والے تمام اہل فروخت کنندگان سے کوئی کمیشن نہیں لیا جائے گا۔