فلک بوس سرکاری عمارتوں کی اجازت ، خانگی ہمہ منزلہ تعمیر میں رکاوٹ

   

Ferty9 Clinic


تعمیری اجازت ناموں میں محکمہ بلدیہ کے دوہرے معیار کے خلاف بلڈرس اور عوام میں ناراضگی
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں ریاستی حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے اور جن علاقوں میں حکومت کی اسکیم کے تحت تعمیر کئے جانے والے مکانات کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے ان علاقو ںمیں ہی دیگر شہریوں اور بلڈرس کی جانب سے ہمہ منزلہ عمارتوں کیلئے داخل کی جانے والی درخواستوں کو مستردکیا جا رہاہے جس کے سبب بلڈرس اور عوام میں شدید ناراضگی پائی جانے لگی ہے اور کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دوہرا معیار اختیار کیا جا رہاہے اور سرکاری مکانات کی تعمیر کیلئے جہاں لفٹ کی سہولت بھی موجود نہیں ہے ان عمارتوں کو 8تا10 منزل تک تعمیر کیا جا رہاہے جبکہ خانگی تعمیری اجازت ناموں کیلئے داخل کی جانے والی درخواستوں کو مسترد کیا جا رہاہے جو کہ ناانصافی کے مترادف ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کے منصوبہ پر عمل آوری کیلئے ڈبل بیڈ روم اسکیم کی عمارتوں کو خصوصی اجازت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ دیگر عمارتوں کو بلدی قوانین کے مطابق اجازت کی فراہمی کے اقدامات کئے جاتے ہیں اسی لئے دونوں میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔خانگی بلڈرس کا کہناہے کہ جس علاقہ میں ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے ہمہ منزلہ عمارتو ںکیلئے اجازت فراہم کی جا سکتی ہے تو ایسی صورت میں دیگر جائیدادوں پر ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت فراہم کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہئے ۔ شہر حیدرآباد میں تعمیری اجازت ناموںکے سلسلہ میں بنائے گئے قوانین پر عمل آوری میں کسی بھی طرح کی کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے اور سب کو یکساں اجازت ناموں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے چاہئے اسی لئے ریاستی حکومت سے بلڈرس اور خانگی ڈیولپرس کی جانب سے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات سے زیادہ سہولتیں خانگی بلڈرس کی تعمیرات میں فراہم کی جاتی ہیں تو انہیں اجازت کی فراہمی میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہئے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے خانگی بلڈرس اور ڈیولپرس کو ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت فراہمی کی جاتی ہے تو بلدیہ کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔