گاڑیوں کی بے تحاشہ رفتار ،حادثات سے عوام پریشان
حیدرآباد /14 فروری ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں مقامی عوام کی جانب سے سڑکوں پر اسپیڈ بریکرس کی تعمیر کا پرزور مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ علاقہ میں چند نوجوانوں کی جانب سے اور اسپیڈ اور بے لگام رفتار سے گاڑیاں چلانے کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بالخصوص خواتین اور بچوں کیلئے یہ رفتار بڑی تکلیف کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ نواب صاحب کنٹہ اور جہاں نما کے علاقوں کے محلہ جات میں ان دنوں اس طرح کی مشکلات سے عوام پریشان ہیں۔ مقامی نوجوانوں نے محلہ اور بستی کی عوام کی بھلائی اور درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے مقامی رکن اسمبلی اور کارپوریٹرس سے مسئلہ کو پیش کیا ۔ تاہم عوامی نمائندوں سے موثر جواب اور اقدام نہ ہونے کے سبب عوام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس علاقہ کے ایک نوجوان نے رکن اسمبلی سے مسئلہ کو رجوع کرنے پر رکن اسمبلی نے اسپیڈ بریکر کے مسئلہ کو اپنے اختیار سے باہر قرار دیا ۔ اور نوجوان کو مشورہ دیا کہ وہ ڈپٹی کمشنر ٹریفک سے نمائندگی کرتے ہوئے علاقہ میں اسپیڈ بریکرس کی تعمیر کے مسئلہ کو پیش کریں ۔ کارپوریٹر اور رکن اسمبلی کے جواب پر نوجوانوں اور علاقہ کی عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ اپنے علاقہ کی عوام خواتین اور بچوں کی سلامتی پر فکر مند ہیں ۔ ارباب مجاز کو چاہئے کہ وہ ان علاقوں کی عوام کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے موثر اقدامات کریں اور عوام کو راحت فراہم کریں ۔ ع