فنڈس کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں حیدرآباد میں ترقیاتی سرگرمیاں ٹھپ: اتم کمار ریڈی

   


بلدیات میں کرپشن میں اضافہ، حضور آباد میونسپلٹی کے روبرو کانگریس کا دھرنا

حیدرآباد ۔30 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں تمام میونسپلٹیز کرپشن کے مراکز میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بلدی نظم و نسق کو نظر انداز کردیا ہے اور خاص طور پر حیدرآباد میں مجالس مقامی کیلئے فنڈس کی اجرائی روک دی گئی جس کے نتیجہ میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں معمولی بارش کے ساتھ ہی پانی سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے 2014 ء سے ہر سال اس مسئلہ کی یکسوئی کا وعدہ کیا لیکن 8 برسوں میں صورتحال تبدیل نہیں ہوئی ۔ حیدرآباد اور سکندرآباد کے عوام بارش کے نتیجہ میں مختلف مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی مکانات میں داخل ہوجاتا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن فنڈس کی کمی کے باعث ترقیاتی کاموں کی انجام دہی سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے رویہ کے باعث ریاست کے تمام بلدیات اور میونسپلٹیز میں ترقیاتی کام بند ہوچکے ہیں۔ اتم کمار ریڈی کی قیادت میں حضور آباد میونسپلٹیز میں کرپشن کے خلاف دھرنا منظم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے حیدرآباد کو ڈلاس کی طرز پر ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ 2004 ء سے 2014 ء تک کانگریس حکومت نے جو ترقیاتی کام انجام دیئے ، ان میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے کنٹراکٹرس کو ایک ہزار کروڑ کے بقایہ جات باقی ہیں۔ اسٹریٹجک نالہ ڈیولپمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلہ کیلئے فنڈس جاری نہیں کئے گئے ۔ اس اسکیم کے تحت 209 کروڑ کے منجملہ صرف 16 کروڑ خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد میونسپلٹی میں کرپشن کے باعث عوامی کام ٹھپ ہوچکے ہیں۔ ضلع کلکٹر اپنے اختیارات کا بے جا استعمال کر رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بلدیات سے کرپشن کے خاتمہ تک کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ر